ممبر انوائرمنٹ سی ڈی اے مصطفین کاظمی کیخلاف ایف آئی اے میں متعدد انکوائریاں مکمل

بدھ 9 ستمبر 2015 11:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ سید مصطفین کاظمی کیخلاف ایف آئی اے میں چلنے والی متعدد انکوائریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔سید پور ویلج میں غیر قانونی الاٹمنٹ ، پولو گراؤنڈ کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر ممبر انوائرمنٹ کی جلد گرفتاری کا امکان ہے ۔ معتبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے )نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے حسین اصغر نے سی ڈی اے کیخلاف تحقیقات شروع کررکھی ہیں جن میں ممبر انوائرمنٹ مصطفین کاظمی کا کیس ایف آئی اے کے انسپکٹر افضل نیازی تیار کررہے ہیں ۔

آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ مصطفین کاظمی جن کی ریٹائرمنٹ میں صرف دو ماہ کا قلیل عرصہ رہ گیا ہے کیخلاف متعدد انکوائریاں چل رہی ہیں جن میں سرفہرست پولو گراؤنڈ اور سید پور ویلج کی غیر قانونی الاٹمنٹ شامل ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے آن لائن کو مزید بتایا کہ ایف آئی اے نے مصطفین کاظمی کی جانب سے تحریری جواب وصول کرنے کے بعد ان کو ایک سوالنامہ ارسال کیا ہے جس میں موصوف سے اپنے اثاثہ جات ڈکلیئر کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مصطفین کاظمی کی بیوی اور والدہ کے نام سی ڈی اے کے سیکٹر پارک انکلیو میں ایک ایک کنال کے دو قیمتی پلاٹ ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے تاہم مذکورہ پلاٹوں کا ذکر مصطفین کاظمی نے کسی بھی جگہ نہیں کیا ۔

ذرائع کے مطابق مضبوط شواہد کی بناء پر سیمینار میں گئے ہوئے مصطفین کاظمی کی چائنہ سے وطن واپسی پر گرفتاری کا قوی امکان ہے ۔ آن لائن نے اس حوالے سے جب ترجمان سی ڈی اے رمضان ساجد سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا تو ترجمان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے جان چھڑانے میں ہی عافیت سمجھی ۔

متعلقہ عنوان :