باغ---نانگا پیر کلب نے والی بال ٹورنامنٹ جیت کر تہلکہ مچا دیا

بدھ 9 ستمبر 2015 12:37

باغ---نانگا پیر کلب نے والی بال ٹورنامنٹ جیت کر تہلکہ مچا دیا

بیس بگلہ /باغ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور تحصیل دھیرکوٹ کے سنگم پر واقع شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین بیس بگلہ میں شہدائے نانگا پیر میموریل والی بال ٹورنامنٹ کھیلا گیا‘فائنل میچ نانگا پیر کلب نے3-1 سے جیت کر تہلکہ مچا دیا-فائنل میچ کے مہمان خصوصی سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ ضلع باغ سید امانت کاظمی تھے- تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امانت کاظمی نے کہا کہ شہدائے نانگا پیر کی قربانیوں سے آج ہم لوگ آزادی کا سانس لے رہے ہیں ان کے مشن کی تکمیل کیلئے ہم سب نے مل کر چلنا ہے- انہوں نے انتظامیہ کو کامیاب ٹورنامنٹ کرانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں -انہوں نے انتظامیہ کیلئے پانچ ہزار روپے انعام اور رنر اور ونر ٹیموں کے علاوہ انتظامیہ کو ٹرافیاں دیں-تقریب سے ٹورنامنٹ آرگنائزر عمیر حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے نانگا پیر کے نام پر پہلی بار ٹورنامنٹ 1995ء کو شروع ہوا جو آج تک جاری وساری ہے‘اس ٹورنامنٹ کا مقصد 1947ء کے شہداء کی قربانیاں نئی نسل کو منتقل کرنا ہے کہ ہمارے اسلاف نے کس مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کیں -عمیر حیدر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے آزاد کشمیر کے سیکرٹری راجہ عاطف اور ڈسٹرکٹ باغ کے سیکرٹری کا تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا- تقریب سے راجہ زرین سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس سعودی عرب نے کہا کہ نوجوان اپنے اسلاف کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ یہاں کی روایات کوبرقرار رکھیں- تقریب سے راجہ جمیل اور سردار رمضان نے خطاب کیا- تقریب کی صدارت سید نذر حسین شاہ نے کی-