فیفا سے خطیر رقم ملنے کے باوجود پاکستان فٹبال فیڈریشن کے منصوبے مکمل نہ ہوسکے

بدھ 9 ستمبر 2015 12:42

فیفا سے خطیر رقم ملنے کے باوجود پاکستان فٹبال فیڈریشن کے منصوبے مکمل ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9ستمبر ۔2015ء ) فیفا سے 26 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ملنے کے باوجود پاکستان میں فٹ بال کے منصوبے مکمل نہیں ہوسکے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کا خیال ہے کہ اس میں سے بیشتر رقم خورد برد ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق فیفا نے ’’گول‘‘ کے تحت پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے آٹھ منصوبے شروع کئے جن میں سے صرف لاہور کا پراجیکٹ وقت پر مکمل ہوسکا ، منصوبے پر تقریبا پانچ کروڑ روپے خرچ ہوئےجب کہ فیفا سے 26 لاکھ ڈالر یا تقریبا 26 کروڑ روپے وصول کرنے کے باوجود باقی تمام منصوبے نامکمل ہیں ۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کراچی کے ہاکس بے ٹیکنیکل سنٹر پر پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی تاہم اس کاگراؤنڈ اب بھی گھاس سے محروم ہے اور نوجوان گرد آلود میدان میں کھیلنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایبٹ آباد سنٹر کامیدان اور عمارت تو ہے لیکن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس میں غیر معیاری سامان استعمال کیا گیا ۔ دوسری طرف پشاور کا سنٹر 2006ء میں تعمیر کیا گیا لیکن بعض قانونی رکاوٹوں کے باعث یہ آپریشنل نہیں ہو سکا اور عمارت پر منشیات کے عادی افراد کا قبضہ ہے ۔

اسی طرح کوئٹہ سنٹر میں عمارت ہے لیکن فٹ بال کھیلنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔ فیصل صالح حیات اس سے پہلے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتاچکے ہیں کہ فیفا گول منصوبوں کے لیے براہ راست ٹھیکے دیتی ہے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو اس مقصد کے لیے کوئی رقم نہیں ملتی تاہم اس کے باوجود انہوں گول کے آٹھ میں سے چار منصوبے مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ۔