یو ایس اوپن ، سرینا ولیمز اور ثانیہ مرزا کی ٹائٹل کی جیت کیلئے پیشقدمی جاری ، سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

بدھ 9 ستمبر 2015 13:07

یو ایس اوپن ، سرینا ولیمز اور ثانیہ مرزا کی ٹائٹل کی جیت کیلئے پیشقدمی ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) یو ایس اوپن میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ، کھیل کے نویں دن جہاں سرینا ولیمز نے اپنی بہن کو شکست دے کر خواتین کے سنگلز مقابلوں میں سیمی فائنل میں پہنچیں وہیں ثانیہ مرزا اور ہنگس کی جوڑی خواتین کے ڈبلز کے مقابلے میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔نیویارک میں جاری یوایس اوپن ٹینس ٹورنا منٹ کے سنگلز مقابلوں میں دو بہنوں کا مقابلہ تھا جس میں ورلڈ نمبر ون سرینا ولیمز نے کامیابی حاصل کی۔

سرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس ولیمز (23 رینک) کو قدرے آسان مقابلے میں 2-6، 6-1، 3-6 سے شکست دی۔33 سالہ سرینا ولیمز کا سیمی فائنل میں مقابلہ اٹلی کی روبرٹا ونسی سے جمعرات کو ہوگا۔ خیال رہے کہ روبرٹا ونسی کو ابھی تک عالمی رینکنگ نہیں ملی ہے۔

(جاری ہے)

ونسی نے فرانس کی ملادینووک کو 3-6، 7-5، 4-6 سے شکست دے کر پہلی بار کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

اگر سرینا یوایس اوپن جیت جاتی ہیں تو وہ جرمنی کی سٹار کھلاڑی سٹیفی گراف کے بعد پہلی خاتون بنیں گی جس نے ایک سال میں چاروں گرینڈ سلیم خطاب حاصل کیا ہو۔خیال رہے کہ سٹیفی گراف نے یہ کارنامہ سنہ 1988 میں انجام دیا تھا جب انھوں نے آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن چاروں گرینڈ سلیم خطاب حاصل کیا تھا۔دوسری جانب مردوں کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں کروشیا کے میرن کلک اور دفاعی چیمپین نے فرانس کے جو ولفریڈ سونگا کو ایک سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹس میں شکست دی۔

انھوں نے 4-6۔ 4-6، 6-3، 7-6، 4-6 سے پانچ سیٹوں میں کامیابی حاصل کی۔ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے رواں سال ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی۔جبکہ خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے کامیابی حاصل کی ہے اور اس طرح اب وہ اس سال ایک اور گرینڈ سلیم خطاب سے بس دو قدم دور ہیں۔انھوں نے چائنیز تائیپئی کی یونگ جان چین اور ہاوٴ چنگ چان کی جوڑی کو 6-7، 1-6 سے شکست دی۔خیال رہے کہ اس سے قبل ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی۔