نجی ٹی وی چینل کی سیٹلائٹ وین پر ٹریفک پولیس کو نشانہ بنانے والوں نے ہی حملہ کیا ہے، فارنزک رپورٹ میں انکشاف

بدھ 9 ستمبر 2015 16:27

نجی ٹی وی چینل کی سیٹلائٹ وین پر ٹریفک پولیس کو نشانہ بنانے والوں نے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) نجی ٹی وی چینل کی سیٹلائٹ وین پر حملے کی فارنزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹریفک پولیس کو نشانہ بنانے والوں نے ہی حملہ کیا ہے۔واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،پولیس نے قاتلوں کی گرفتار کیلئے شیر پاؤ کالونی میں کارروائی کر کے بعض افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی جگہ کے چارمقامات کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے،ویڈیو کے مطابق ملزمان بہادرآباد کے علاقے میں ہی روپوش ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق گولیوں کے خول کی فارنزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ نجی ٹی وی کی وین پر حملے میں جو نائن ایم ایم کا پستول استعمال ہوا، اس ہی سے صدر ،گلشن اقبال اور گلبائی میں گزشتہ دنوں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے بتایاکہ موٹرسائیکل پر سوار3 افراد نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر حملے میں شامل تھے اور ایک شخص نے موٹر سائیکل سے اترکر فائرنگ کی، جس سے ڈی ایس این جی میں موجود سیٹلائٹ انجینئر ارشدعلی اورڈرائیورزخمی ہوگئے۔

تاہم ڈرائیورانیس چوہان نے زخمی حالت میں ڈی ایس این جی اسپتال پہنچائی۔اسی دوران ارشدعلی زخموں کی تاب نہ لاکرچل بسے ۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد علی جعفری کوسر،ہاتھ، جبڑے اور پیٹ میں9گولیاں لگیں۔سینئرایم ایل او ڈاکٹرکلیم کے مطابق 2 گولیاں جسم میں پیوست ہوئیں جب کہ 7 آرپار ہوگئیں۔ڈرائیور کے کندھے پر گولیاں لگیں۔زخمی ڈرائیورکی حالت خطرے سے باہرہے۔پولیس کاکہناہے کہ دو عینی شاہدین کے مطابق تینوں حملہ آوروں نے شلوار قمیص پہنی ہوئی تھی۔واقعے کا مقدمہ 551/2015 انیس کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں درج کر لیا گیا جس میں انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔