پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے عالم خان لغاری کے بیٹے ممتاز لغاری کی ساتھیوں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت

سندھ کے مستقبل کے فیصلے دبئی میں ہو رہے ہیں جو سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، ڈاکٹر عارف علوی

بدھ 9 ستمبر 2015 19:17

پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے عالم خان لغاری کے بیٹے ممتاز لغاری کی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ہے۔ سندھ میں حکومت اس چڑیا کا نام ہے جو صرف نوٹ بنانے کی مشین ہے۔ پوری حکومت لوٹ مار اور کرپشن کی دوڑ میں لگی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی والے گرفتاریوں کے خوف سے راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں ۔

سندھ کے مستقبل کے فیصلے دبئی میں ہو رہے ہیں جو سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ یہ باتیں انہو ں نے سندھ کے ضلع دادو ، ضلع نواب شاہ اور ضلع حیدر آباد کے تنظیمی دورے سے واپسی پر صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے ڈپٹی آرگنائزر افتخار سومرو ، دیوان سچل ، افتخار فاروقی ، قادری بھائی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ 10سال پہلے جس کے پاس موٹر سائیکل تک نہیں تھی آج وہ لینڈ کروزر اور اربوں کے مالک بن چکے ہیں۔جمہوریت کے چیمین بننے کے دعویدارخود ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔ سندھ کے لوگ ان کی کرپشن اور لوٹ مار سے عاجز آ چکے ہیں ۔سندھ میں غربت اور بے روز گاری انتہا پر ہے ۔ ہسپتال اور تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔

اسکول اور ڈسپنسریوں کی عمارتیں پیپلز پارٹی کے وزراء ایم پی ایز اور دیگر عہدیداروں کے اوطاق بن چکے ہیں ۔لوگ اس ظلم کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں اس لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضلع دادو سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے عالم خان لغاری مرحوم کے بیٹے ممتاز لغاری نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع دادو کے مختلف تعلقوں میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن، شہید بھٹو،جسقم اور ابڑو برادری کے سینکڑوں خاندانوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور تحریک انصاف کے چیئر میں عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔ ملک کی ترقی و خوشحالی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحد ہو رہے ہیں ۔وہ دن دور نہیں کہ سندھ میں بھی انصاف کا سور ج طلوع ہوگا۔