ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کا عدالتی حکم عدولی کرنے پر ایس این جی پی ایل اسلام آباد کے جنرل منیجر کو گرفتار کر کے آج پیش کرنے کا حکم

بدھ 9 ستمبر 2015 23:11

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد شارخ ارجمند نے عدالتی حکم عدولی کرنے پر سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ اسلام آباد کے جنرل منیجر اعجاز چوہدری کو گرفتار کر کے آج (جمعرات ) کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو عدالت نے معروف ہوٹل حبیبی کا گیس کنکشن کاٹنے کے خلاف دائر توہین کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل چوہدری عبدالخالق تھہند ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جی ایم سوئی گیس اعجاز چوہدری عدالتی حکم کے باوجود ہوٹل کا گیس کنکشن بحال نہیں کررہے اور عدالت کے بار،بار بلانے کے باوجود پیش بھی نہیں ہو رہے جس پر عدالت نے عدالتی بیلف کو حکم دیا کہ جی ایم سوئی گیس اعجاز چوہدری کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے ۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ جی ایم سوئی گیس 50ہزار روپے مالیت کے مچلکے اور ایک ضامن بھی آج عدالت میں پیش کرے ۔واضح رہے کہ عدالت نے حبیبی ہوٹل کا کنکشن بحال کرنے کا حکم دیا جس کی خلاف ورزی کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی ۔

متعلقہ عنوان :