پاکستان کے 24ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس انور ظہیر جمالی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 11:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) پاکستان کے 24ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس انور ظہیر جمالی نے جمعرات کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے-ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا-اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف‘ وفاقی وزراء ‘ چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود‘ تینوں مسلح افواج کے سربراہان ‘ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری‘ وزراء اعلی ‘ وزیراعظم آزاد کشمیر ‘ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن ‘ سینئر قانون دانوں‘ مختلف ممالک کے سفیروں اوردیگر اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی- جسٹس انور ظہیر جمالی 2009ء سے سپریم کورٹ میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور اب انہیں چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی ریٹائرمنٹ پر سینئر ترین جج ہونے کے باعث صدر مملکت نے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز کیا ہے وہ 31 دسمبر2016ء تک اس عہدے پر فائز رہیں گے-وہ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے -جسٹس انور ظہیر جمالی کا تعلق حضرت قطب جمال الدین احمد ہنسوی کے خاندان سے ہے اور وہ بابافریدالدین گنج شکر کے خلیفہ تھے-جسٹس انور ظہیر جمالی کے والدین نے 1947ء میں قیام پاکستان کے بعد جے پور بھارت سے پاکستان کی طرف ہجرت کی -وہ حیدر آباد میں 31 دسمبر 1951ء کو پیدا ہوئے-سندھ یونیورسٹی سے 1971ء میں بی اے اور 1973ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور سندھ بارکونسل میں وکیل بنے-13 نومبر 1977ء کو وہ ہائی کورٹ اور 14 مئی 1987ء کو سپریم کورٹ کے وکیل مقرر کئے گئے- وہ تین بار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدر آباد کے صدر بنے -حیدر آباد سے سندھ بار کونسل میں دو بار پانچ سال کیلئے منتخب ہوئے -مختلف اداروں کے لیگل ایڈوائزر بھی رہے-مئی 1998ء میں انہیں ہائی کورٹ سندھ کا جج بنایا گیا یہاں انہیں 7 جون 2006ء کو ہائی کورٹ کا انتظامی جج مقرر کیا گیا-انہوں نے 2007ء میں جنرل مشرف کے پی سی او پر حلف لینے سے انکار کیا -27 اگست 2008ء کو دوبارہ سندھ ہائیکورٹ کے جج اور چیف جسٹس کی حیثیت سے بحال ہوئے اور 3 اگست 2009ء کو انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیاگیا-وہ مختلف اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل رہے-حلف برداری کے بعد صدر ‘ وزیراعظم اور تقریب میں آئے ہوئے دیگر مہمانوں نے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی-

متعلقہ عنوان :