سائیکلنگ کی ترقی و ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے سکولوں ،کالجز کی سطح پرکھلاڑیوں کی تربیتی ومقابلوں کیلئے پلان ترتیب دیدیاگیا ہے ، انجینئر طیفور زرین

جمعرات 10 ستمبر 2015 14:04

سائیکلنگ کی ترقی و ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے سکولوں ،کالجز کی سطح پرکھلاڑیوں ..

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء ) خیبر پختونخواسائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل انجینئر طیفور زرین نے کہاہے کہ صوبے میں سائیکلنگ کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کیلئے سکولوں ،کالجز اور یونیورسٹیزکی لیول پر رواں ماہ ستمبر اور اکتوبر میں مرد وخواتین کھلاڑیوں کی تربیتی کیمپ اور ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائیگا،تاکہ سائیکلنگ کھیل کو خیبر پختونخواکی سطح پر ایک بہتر مقام حاصل ہوں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے انشاء اللہ صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد کی قیادت میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے بھر پور کوششیں کی جارہی ہے اور اسی مقصد کیلئے 20ستمبر سے سکولز ،کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات کے مابین سائیکلنگ تربیتی کیمپ لگایا جائیگاجو اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ مستقبل میں اس کے بہتر نتائج نکلیں گے ۔ انجینئرطیفور زرین نے کہاکہ وہ خود بھی ایک کھلاڑی رہے ہیں اور کھلاڑیوں کے بنیادی مشکلات وضرورریات سے بخوبی آگاہ ہوں ،انشاء اللہ اپنے دور میں صوبے کے کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر قومی اور بین الاقوامی سطح کے سائیکلٹس پیداکرینگے ۔ایک سوال کے جواب میں انکاکہناتھاکہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ نے خیبر پختونخوابلکہ ملک کے دیگر صوبوں میں سائیکلنگ کھیل کی ترقی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیئے ہیں ،جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ انشاء اللہ مستقبل میں اسی طر ح کام کرتے رہیں گے۔