سی ڈی اے کے 670 افسران آخری انتباہ کے باوجود تعلیمی اسناد جمع کرانے میں ناکام ، تنخواہیں و دیگر مراعات بند

جمعرات 10 ستمبر 2015 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے ) کے 670 افسران آخری تاریخ اور آخری انتباہ کے باوجود تعلیمی اسناد جمع کرانے میں ناکام ہو گئے ۔ ڈگریاں نہ جمع کرانے والے افسران کی تنخواہیں و دیگر مراعات بند کر دی گئیں ۔ تعلیمی اسناد جمع کروائیں گئیں سے بھی 200 سے زائد افراد کی تعلیمی اسناد مشکوک اور غیر مستند یونیورسٹیوں کے ہونے کے باعث ان افسران پر ایف آئی آر درج ہونے کا امکان ہے ۔

معتبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ نیب کے شدید دباؤ کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ نے اپنے افسران کی اسناد تصدیق کرنے کے لئے جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر مقرر کر رکھی تھی ۔تاہم 1500 افسران میں سے صرف 670 افسران تعلیمی اسناد تصدیق کے لئے جمع نہیں کرا سکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے کے شعبہ ایچ آر ڈی کے ایک اعلی آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آن لائن کو بتاتے ہوئے کہا کہ جن افسران نے اسناد تصدیق کے لئے جمع کرائی ہیں ان میں سے 200 کے قریب افسران ایسے ہیں جن کی اسناد یا تو مشکوک ہیں یا پھر انہوں نے جن یونیورسٹیوں اور کالجوں کی اسناد جمع کروائی ہیں وہ غیر مستند ہیں ۔

اسی ذرائع نے آن لائن کو مزید بتایا کہ ان 200 افسران میں سرفہرست ڈائریکٹر ایچ آر ڈی خضر حیات ستی اور ڈائریکٹر ایڈمن صفدر شاہ شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ مذکورہ دونوں افسران تعلیمی اسناد کی تصدیق کے عمل میں پیش پیش ہیں جبکہ دیگر افسران نے ایک ایسے بدنام زمانہ نجی یونیورسٹی کی اسناد جمع کرائی ہیں جو کہ پچھلے تاریخوں کی بنی ہوئی ہیں سی ڈی اے ذرائع کے مطابق اسناد جمع نہ کرانے والے 670 افراد کی تنخواہیں اور مراعات بند کر دی گئی ہیں ۔ جس کے باعث اب ان کو عید قرباں کے موقع پر تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی ۔ آن لائن نے اس حوالے سے موقف جاننے کے لئے ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے عامر علی احمد سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔

متعلقہ عنوان :