چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن ارکان کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا

جماعتوں کو کسی رکن پر اعتراض ہے تو وہ سپریم جو ڈیشل کونسل میں جائیں ٗ شفاف بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتیں کردارادا کریں ٗ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان پی ٹی آئی کاضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران دوسرے صوبوں سے لانے اور بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کر انے کا مطالبہ

جمعرات 10 ستمبر 2015 18:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن ارکان کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ جن جماعتوں کو کسی رکن پر اعتراض ہے تو وہ اس کے خلاف سپریم جو ڈیشل کونسل میں جائیں ٗ شفاف بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتیں کردارادا کریں جبکہ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران دوسرے صوبوں سے لانے اور بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کر انے کا مطالبہ کیا ہے ۔

جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت یہاں ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف ٗپیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت 13 سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور آئندہ ضمنی و بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے چار صوبائی ارکان کے استعفے کا مطالبہ دوہرایا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کمیشن ممبران اپنی مدت ملازمت پوری کریں گے، کسی کو اعتراض ہے تو سپریم جوڈیشل کونسل جائے اور ریٹرننگ افسران پر تحفظات بھی متعلقہ فورم پر اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔ جمہوریت کا استحکام ووٹ سے نہیں بلکہ اداروں کو مضبوط بنانے سے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر صوبائی الیکشن کمشنرز سے اس طرح استعفیٰ مانگا گیا تو پھر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل ہو جائے گا۔اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتظامیہ سے لئے گئے انتخابی عملے پر شدید اعتراض کیا جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عدلیہ سے آر اوز اور ڈی آر اوز لینے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ شفاف بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتیں کردارادا کریں۔ قوم کی امیدوں پرپورا اتریں گے۔ ووٹرٹرن آؤٹ سترفیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں۔