موجودہ حکومت 2017 میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکے گی ‘ صدر پی پی پنجاب

پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں3400میگا واٹ نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کئے ‘ میاں منظور وٹو

جمعرات 10 ستمبر 2015 19:25

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی کے ٹریک ریکارڈ کے پیش نظر یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ 2017 میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکے گی اور اپنی ناکامی کے بھونڈے جواز پیش کئے جائیں گے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کے ضمن میں ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاددلایا کہ پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت نے نیشنل گرڈ میں 3400 میگا واٹ بجلی شامل کی حالانکہ میڈیا اور عدلیہ نے حکومت کو کام نہیں کرنے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کے دور کے پاکستان، ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے کی پوری سنجیدگی سے پیروی کرتی تو آج پاکستان کا انرجی کا بحران کافی حدتک حل ہو گیا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آئی پی پیز کے منصوبے لگا کر پاکستان کو بجلی کے سنگین بحران سے محفوظ کیا اگر یہ منصوبے بھی ملک میں نہ لگائے ہوتے تو ہمارے ہائیڈل پراجیکٹ صرف گھریلو صارفین کی بجلی کی ضرورتوں کو پورا کررہے ہوتے جبکہ ہمارا صنعتی شعبہ بجلی سے محروم رہتا جسکے ملکی معیشت پر منفی اثرات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔