حکومت نے ملک سے پولیو کا وائرس ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے ، محمد نواز شریف

مقصد کیلئے صوبوں کے تعاون سے چلائی جانیوالی مہم کامیاب رہی ہے ، کم از کم وقت میں یہ کام مکمل کر لیں گے، وزیراعظم

جمعرات 10 ستمبر 2015 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک سے پولیو کا وائرس ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اس مقصد کیلئے صوبوں کے تعاون سے چلائی جانیوالی مہم کامیاب رہی ہے اور ہم کم از کم وقت میں یہ کام مکمل کر لیں گے ۔ اس مقصد کیلئے تمام تر سیاسی اور مالی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ وہ جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں پولیو کے خاتمے کے بارے میں قائم کی گئی قومی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ وزیراعظم آزاد کشمیر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور ٹاسک فورس کی فوکل پرسن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی مہم میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اس ضمن میں قومی ٹاسک فورس کے اقدامات کے اچھے نتائج نکلے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیو کیخلاف بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کو بھی سراہا اس موقع پر وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

ٹاسک فورس کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ 2014 ء کے مقابلے میں 2015 ء میں پولیو کے کیسوں کی تعداد 82 فیصد کم ہوئی ہے بہتر پروگرام اور اعلیٰ معیار کی ویکسین کے استعمال سے پنجاب اور سندھ میں دسمبر 2014 ء کے بعد سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں مسائل درپیش ہیں تاہم اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2014 ء اور 2015 ء کے چھ ماہ میں 28 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو ویکسین دینے کا پروگرام بنایا گیا جبکہ 26 کروڑ 70 لاکھ کا ہدف حاصل کر لیا گیا۔