ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں عدم پیشی پرڈی جے بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

تفتیشی افسر کو نوٹس جاری

جمعرات 10 ستمبر 2015 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کیپٹن وقاص رشید نے احتجاجی دھرنے کے دوران ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں پیش نہ ہونے پر تحریک انصاف کے دھرنے میں ساؤنڈ سسٹم لگانے والے ڈی جے بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا ہے اور عدم حاضری پر کیس کے تفتیشی افسر سلیم رضا کو بھی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کیس کی سماعت کے موقع پر ڈی جے بٹ کی جانب سے نئے وکیل قیصر عباس عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ڈی جے بٹ علیل ہیں اس لئے آج عدالت نہیں آ سکتے۔ اس پر فاضل عدالت نے کہا کہ آپ کا وکالت نامہ بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ قیصر عباس ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر وکالت نامہ پیش کر دوں گا۔ فاضل عدالت نے کاکہ ڈی جے بٹ اگر بیمار ہیں تو ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی آپ نے پیش نہیں کیا ، مقدمے کے تفتیشی افسر اور لیگل برانچ کا ذمہ دارافسرجان بوجھ کر عدالت پیش نہیں ہو رہے ۔ بعد ازاں عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔