کراچی : رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی ضمانت کو چیلنج کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 ستمبر 2015 11:09

کراچی : رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی ضمانت کو  چیلنج کر ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 11 ستمبر 2015 ء) : رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی ضمانت کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا. تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد ریاض کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماتحت عدالت نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس فائل کے بغیر عامر خان کو ضمانت دی، جو غیر قانونی ہے، اس لئے ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قراردیا جائے۔

درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کو کرنا تھی لیکن وکلا کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

عامر خان کو رینجرز نے 11 مارچ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران رینجرز نے نائن زیرو اور اس کے اطراف کی عمارتوں سے 26 مسلح افراد کو گرفتار کرنے اور بڑی تعداد میں جدید اسلحہ اور گولیاں برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

4 جون کو رینجرز نے عامر خان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ ان پر جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے اور انہیں مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔30 جون کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عامر خان کو 10لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت نے انہیں مقدمے کے فیصلے تک بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔