ہائر موبائل ٹی ٹونٹی کپ : راولپنڈی کے ناصر جمشید کی کراچی ریجن کیخلاف سنچری

جمعہ 11 ستمبر 2015 11:19

ہائر موبائل ٹی ٹونٹی کپ : راولپنڈی کے ناصر جمشید کی کراچی ریجن کیخلاف ..

راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11ستمبر ۔2015ء ) ہائر موبائل ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں راولپنڈی ریجن نے ناصر جمشید کی عمدہ سنچری کی بدولت کراچی ریجن کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے ۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی ریجن نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ، راولپنڈی ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی ریجن کو جیتنے کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا ، اوپنر ناصر جمشید نے راولپنڈی ریجن کی جانب سے کھیلتے ہوئے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 57 گیندوں پر سنچری مکمل کی ۔

وہ 61 گیندوں پر دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ان کا ساتھ دینے والے دوسرے نوجوان کھلاڑی عمر امین نے بھی اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔

(جاری ہے)

وہ 32 گیندوں پر 52 رنز بنا کر بابر رحمان کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ جواب میں کراچی ریجن مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان 191 رنز بنا سکا ۔ کراچی ریجن کی جانب سے رمیز راجہ 48 گیندوں پر 77 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ اس کے علاوہ احسان علی نے 37 اور فیصل اقبال نے29 رنز بنائے ۔ راولپنڈی ریجن کی جانب سے محمد عامر نے چار اوورز میں 21 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں ۔ یاد رہے کہ ناصر جمشید اس سے قبل بہاولپور ریجن کے خلاف بھی نصف سنچری سکور کر چکے ہیں۔