آئی سی سی کی ڈیجیٹل کوریج کی مقبولیت عروج پر پہنچ گئی

جمعہ 11 ستمبر 2015 12:10

آئی سی سی کی ڈیجیٹل کوریج کی مقبولیت عروج پر پہنچ گئی

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر ٹورنامنٹ کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی کی ویب سائٹ، سوشل میڈیا اور موبائل ایپ پر صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔جولائی میں آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں ہونے والے اس کوالیفائیر ٹورنامنٹ کیلئے آئی سی سی نے الگ ویب سائٹ، سوشل میڈیا صفحات اور موبائل ایپ متعارف کرائے تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر کے لیے بنائی گئی علیحدہ ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کی تعداد 37 لاکھ 50 ہزار تھی جو بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈ ٹی20 کے صارفین سے دو گنا زیادہ ہے ‘ صارفین نے اس ویب پیچ کا دو کروڑ بار دورہ کیا ہے جو گذشتہ ورلڈ ٹی 20 سے تین گنا زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی 20 کوالیفائیر میں حصہ لینے والے ممالک میں افغانستان، کینیا، نیپال، ہالینڈ اور امریکہ بھی شامل ہیں، ان ممالک کے شائقین نے بھی اس ڈیجیٹل کوریج کا بھر پور استعمال کیا ہے تاہم ان کی تعداد ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کل تعداد کا صرف 20 فی صد حصہ تھا۔

ایسا پہلی بار ہوا کہ کسی بھی آئی سی سی کوالیفائینگ ایونٹ کے 20 میچوں کو دنیا بھر میں نشر کیا گیا اور ان میچوں کے چھوٹے دورانیے کے وڈیو کلپس کو دنیا بھر میں آئی سی سی کے ڈیجیٹل چینلز پر بہت سراہا گیا۔دو سو سے زائد ممالک میں شائقین کرکٹ کو ویڈیوز دیکھنے کی سہولت میسر تھی۔ ان ویڈیوز کو ایک کروڑ 30 لاکھ بار دیکھا گیا ‘ آن لائن ویڈیوز کے زمرے میں صارفین نے ایک کروڑ 20 لاکھ منٹس کی ویڈیوز دیکھیں۔

اس کے علاوہ رواں سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوئے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ اور اس کی کامیابی کے بعد آئی سی سی نے پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر 2015 کے لیے بھی ایک موبائل ایپ متعارف کرائی۔ اس موبائل ایپ کو دو سو سے زائد ممالک میں 22 لاکھ صارفین نے استعمال کیا جس کے بعد یہ ایپ کھیلوں کے زمرے میں چھ ممالک میں سب سے زیادہ ڈاوٴن لوڈ ہونی والی ایپ رہی جبکہ کھیلوں کے زمرے میں ہی یہ ایپ دیگر 22 ممالک میں سب سے زیادہ ڈاوٴن لوڈ ہونے والی دس ایپس میں شامل رہی۔

آئی سی سی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ساتھ ساتھ آئی سی سی سوشل میڈیا پر بھی پیچھے نہیں رہا جہاں شائقین کرکٹ کو ٹی 20 کوالیفائیر کے دوران کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کے ساتھ رابطہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔فیس بک صفحے پر آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی پوسٹس تک دس کروڑ 29 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران ٹوئٹر پر آئی سی سی کی ٹویٹس پر تین کروڑ 50 لاکھ ایمپریشن آئے۔

شائقین کرکٹ کو اس ٹورنامنٹ کے دوران ہر دن کی بہترین ویڈیو اور پورے ٹورنامنٹ کی بہترین ویڈیو کا انتخاب کرنے کیلئے ووٹ کرنے کی سہولت بھی دی گئی تھی۔آئی سی سی کے فنانشل اور کمرشل افیئر کمیٹی کے چیئرمین جائیلز کلارک کے مطابق ’آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر 2015 کی ڈیجیٹل کوریج کے اعداد و شمار سے ایسوسی ایٹ ممالک میں کرکٹ کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے نئے اقدامات کا مقصد کھیلوں کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے اسی لیے آئی سی سی اس میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔