کاشتکارٹماٹر کی پنیری کاشت کرنے کے لیے زمین کو اچھی طرح تیار کریں‘ماہرین

جمعہ 11 ستمبر 2015 12:27

راولپنڈی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) شعبہ سبزیات کے ماہرین نے کاشت کاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ بالائی پنجاب میں ٹنل کاشت کے لیے ٹماٹر کی پنیری کی کاشت یکم اکتوبرتا15اکتوبر تک مکمل کریں اور ٹماٹر کی تیارکردہ اس پنیری کونومبر کے مہینے میں ٹنل میں منتقل کریں۔ایک ایکڑ رقبہ پر ٹماٹر کی کاشت کے لیے 100گرام سے 125گرام بیج اور 4مرلہ زمین پر تیار کی گئی پنیری درکار ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنیری کاشت کرنے کے لیے زمین کو اچھی طرح تیار کریں اور چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنائیں۔کیاریاں زمین سے 10تا15سینٹی میٹر اونچی ہونی چاہیں تاکہ بارشوں کا فالتو پانی آسانی سے نکل سکے۔ ان کیاریوں میں ایک انچ کے فاصلے پر ایک سے ڈیڑھ انچ گہری لائنیں لگا کر ان میں ٹماٹر کے بیج کاشت کریں اوران بیجوں کے اوپر پتوں کی گلی سڑی کھاد ڈال دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیج بونے کے بعد کیاریوں کو سرکنڈا یا پرالی وغیرہ سے ڈھانپ دیں اور فوارے کی مدد سے اس طرح آبپاشی کریں کہ پانی کیاریوں میں زیادہ دیر کھڑا نہ رہے اور صرف نمی برقرار رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنیری کے قریب اگر کیڑوں اور چوہوں کے گھر ہوں تو ان کا فوراً سدباب کریں ۔ پنیری اگاؤ کے بعد سرکنڈا یا پرالی وغیرہ کو ہٹا دیں تاکہ پودوں کو روشنی حاصل کرنے میں دشواری پیش نہ آئے۔ ہفتہ وار گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی باقاعدہ تلفی کریں تاکہ پودوں کو صحیح خوراک مل سکے۔نرسری پر نقصان رساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زہروں کا استعمال کریں۔