نیپرا بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19پیسے فی یونٹ کمی کرے‘ وزیراعظم کی ہدایت

جمعہ 11 ستمبر 2015 14:37

نیپرا بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19پیسے فی یونٹ کمی کرے‘ وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19پیسے فی یونٹ کمی کرے‘ اگلے ڈھائی سالوں میں گیس اور بجلی کی کمی کو پورا کریں گے‘ امداد لینے کے حق میں نہیں پاکستان خودار ملک ہے‘ بہت جلد پاکستان کو اسلحہ سے پاک کیا جائے گا‘ نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والی تنظیمیں ختم کرنے کی ضرورت ہے‘ حکومت نے شفاف طریقے سے پالیسیاں بنائیں اور ان پر عمل درآمد کیا‘ توانائی کے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے‘ بعض افراد حکومت کی شفافیت پر بلا وجہ اعتراض کررہے ہیں‘ اگلے بلوں میں بجلی کی قیمت میں کمی نظر آئے گی سستے اور فوری انصاف کی فراہمی بھی ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے‘ گیس کی قلت دور کرنے کے لئے تاپی گیس منصوبے کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں سے گیس درآمد کررہے ہیں‘ ضرب عضب میں سکیورٹی اداروں اور عوام نے قربانیاں دیں‘ سانحہ پشاور کبھی نہیں بھولے گا‘ کراچی آپریشن کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا‘ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘ دہشت گرد اکا دکا کارروائیاں کرکے اپنے زندہ ہونے کا تاثر دے رہے ہیں‘ پاکستان میں معاشی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں ایوان صنعت و تجارت کے سربراہوں اور برآمد کنندگان سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وزیر تجارت خرم دستگیر اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا پاکستانی برآمدات کے معیار اور مسابقت کے لئے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا مقصد پاکستان کی برآمدات اور آمدن میں اضافہ کرنا ہے‘ ملکی ترقی کے لئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے گزشتہ کئی سالوں سے برآمدات کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی نہیں ہوئی خطے کے دیگر ملک برآمدات کے حوالے سے پاکستان سے آگے ہیں برآمدات میں اضافے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کریں ہماری خواہش ہے کہ تاجروں کے ساتھ ایسی نشستیں آئندہ بھی ہوں انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود تاجروں اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہیں مسائل ایک دن میں حل نہیں ہوتے نتیجہ خیز نشستیں ہونی چاہئیں۔

زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کام کررہے ہیں۔ مشکلات کے حل کے لئے وسائل کی ضرورت ہے وسائل کی فراہمی کے لئے ہمیں اپنی آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں کئی بار رکاوٹیں آئیں لیکن پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :