نندی پور پراجیکٹ ‘ موجودہ حکومت کے دوران کوئی کرپشن یا بے ضابطگی ظاہر ہو جائے تو تمام فورمز پر جواب دینے کیلئے تیار ہوں ‘خواجہ آصف

جمعہ 11 ستمبر 2015 14:54

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نندی پور پراجیکٹ کی آڈٹ رپورٹ میں موجودہ حکومت کے دوران کوئی کرپشن یا بے ضابطگی ظاہر ہو جائے تو پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر جواب دینے کیلئے تیار ہوں ‘آڈیٹر جنرل اور پرائیویٹ آڈٹ کمپنی منصوبے کا آڈٹ کریگی منصوبے کی تاخیر اور لاگت میں اضافے بارے وجوہات معلوم کرے گی۔

ایک انٹرویومیں خواجہ آصف نے تسلیم کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے، جس کی وجہ درآمد کی گئی مشینری ہے جو کئی سال پورٹ پر پڑی رہنے کے باعث زنگ آلود ہو گئی۔ جب پراجیکٹ کی کمیشننگ شروع کی گئی تو زنگ آلود مشینری کے باعث کئی حصوں میں خرابیاں سامنے آئیں جنہیں دور کرنا پڑا، اسی وجہ سے یہ منصوبہ کمٹمنٹ کے مطابق چلایا نہ جا سکا۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک رکنی جج کمیشن نے منصوبے میں کرپشن کی نشاندہی کی ہے اور نیب کو ہدایت کی کہ بابر اعوان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے۔

نیب نے اس سلسلے میں سیکشن 161 کے تحت میرا بیان بھی ریکارڈ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت 32 ارب روپے لگائی گئی تھی لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس کی تکمیل میں تاخیر ہوتی رہی اور اس کی قیمت 58 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اس کی تعمیر کا ٹھیکہ چینی کمپنی کو دیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایک پرائیویٹ آڈٹ کمپنی اس منصوبے کا آڈٹ کرے گی اور اس منصوبے کی تاخیر اور اس کی لاگت میں اضافے بارے وجوہات معلوم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :