ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے قومی ائیر لا ئن کو 10دنوں میں6 کروڑ روپے سے زائدکا نقصان پہنچانے کا انکشاف

جمعہ 11 ستمبر 2015 16:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء)ٹریول ایجنٹوں کیذریعے ٹکٹوں کی جعلی بکنگ سے پی آئی اے کو صرف 10دنوں میں6 کروڑ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا انکشاف کیا گیا ہے ، ٹریول ایجنٹ مخصوص اوقات میں سستے داموں ٹکٹ کی جعلی بکنگ کرکے اخری دنوں میں مہنگے داموں فروخت کرتے رہے ،جعلی بکنگ کی وجہ سے پی آئی اے کی فلائٹس مسافروں کے بغیر جاتی رہیں ہیں، آڈٹ حکام کے اعتراضات کا پی آئی اے منجمنٹ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکی ۔

(جاری ہے)

آن لائن کو موصولہ دستاویزات کے مطابق ٹریول ایجنٹس پالیسی کے تحت مختلف فلائٹس کی ٹکٹس سستے نرخوں میں جعلی ناموں کے زریعے بک کروا لیتے ہیں اور فلائٹس کے اخری دنوں میں مہنگے داموں فروخت کردیتے ہیں ٹریول ایجنٹس کی دھوکہ دہی کی وجہ سے پی آئی اے کی اکثریتی فلائٹس مسافروں کے بغیر روانہ ہوجاتی ہیں دستاویزات کے مطابق آڈٹ حکام کی جانب سے ریکارڈ کے معائنے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ٹریول ایجنٹوں کی جعلی بکنگ کی وجہ سے پی آئی اے کو 10دنوں میں 6کروڑ 44لاکھ 68ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے دستاویزات کے مطابق جعلی بکنگ کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز کے لئے 393مسافروں نے بکنگ کرائی مگر پرواز میں صرف119مسافر سوار تھے اور جعلی بکنگ کے زریعے بک کرائی گئی274سیٹیں خالی رہی اسی طرح کراچی سے جدہ جانے والی پرواز کیلئے 340مسافروں کی بکنگ کرائی گئی مگر صرف 216مسافروں سے سفر کیا اور 124سیٹیں خالی رہیں دستاویزات کے مطابق اس سلسلے میں آڈٹ حکام نے پی آئی اے انتظامیہ سے جواب طلبی کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی مگر حکام تاحال ریکارڈ فراہم نہ کرسکے ۔