چھوٹے بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر زبردستی بھیک منگوانے والے گروہ کا انکشاف

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم نے کارروائی کرکے گروہ کے 10افراد کو گرفتار کرلیا ،ایک بچے کو بھی بازیاب کروا لیا گیا

جمعہ 11 ستمبر 2015 18:13

چھوٹے بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر زبردستی بھیک منگوانے والے گروہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھوٹے بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر زبردستی بھیک منگوانے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم نے کارروائی کرکے گروہ کے 10افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک بچے کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ، ( ہفتہ ) سے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔

گزشتہ روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن صباء صادق نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیاض احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر بھیک منگوانے کی اطلاع ملی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے بادامی باغ کے علاقے سے 3خاندانوں پر مشتمل 10افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ وہاں سے ایک بچے کو بھی بازیاب کروایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ شام 7بجے کے بعدبچوں کو سڑکوں پر لے آتا تھا اور چھوٹے بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر ان سے زبردستی بھیک منگوائی جاتی تھی ۔صباء صادق نے ایسے گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر بھیک منگوانے والے گروہوں کے خلاف آج ( ہفتہ) سے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا ۔ اس موقع پر بازیاب کیے گئے بچے سے گفتگو کی گئی تو اس نے بتایا کہ وہ اپنے گھر سے بھاگ کر کزن کے پاس گیا تھا جہاں سے گروہ میں شامل ہوا ۔ ہمارے گروہ میں 10سے 12بچوں کو منشیات کا عادی بنا کر بھیک منگوائی جاتی تھی ۔ تھانہ لاری اڈا پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :