ضمنی الیکشن پی پی 16، لیگی امیدوار جہانگیر خانزادہ پر برطانوی شہریت کے اعتراضات لگ گئے

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اٹک کو تحریری درخواست میں آزاد امیدوار نے اعتراضات پیش کئے

جمعہ 11 ستمبر 2015 19:07

ضمنی الیکشن پی پی 16، لیگی امیدوار جہانگیر خانزادہ پر برطانوی شہریت ..

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) ضمنی الیکشن پی پی 16کیلئے مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ پر مد مقابل آزاد امیدوار نے برطانوی شہریت کے حوالہ سے اعتراض لگا دیئے، جمعہ کو الیکشن کمیشن اٹک کے دفتر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو پیش کی گئی تحریری درخواست میں آزاد امیدوار ڈاکٹر نعیم اعوان نے موقف اپنایا کہ جہانگیر خانزادہ برطانوی شہری ہیں اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ برطانوی شہریت چھوڑنے کی جو دستاویزات لگائی ہیں وہ جعلی ہیں، ڈاکٹر نعیم اعوان نے اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ چونکہ جہانگیر خانزادہ نے فراڈ کیا ہے لہٰذا وہ آئین کے آرٹیکل 62,63کے تحت الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے ، انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سے استدعا کی کہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار جہانگیر خانزادہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے جائیں، بعد ازاں سینئر صحافی نثار علی خان سے گفتگو میں ڈاکٹر نعیم اعوان نے کہا کہ اگر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے جہانگیر خانزادہ کے حوالہ سے لگائے میرے اعتراضات مسترد کئے تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کروں گا، یاد رہے قبل ازیں ایک اور آزاد امیدوار جھلا خان نے بھی جہانگیر خانزادہ پر دہری شہریت رکھنے کا الزام لگایا تھا تاہم جہانگیر خانزادہ نے برطانوی شہریت چھوڑنے کے دستاویزی ثبوت الیکشن کمیشن اٹک کے دفتر میں جمع کرا دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :