کابل : آرمی پبلک سکول پر حملے میں ملوث گنڈا پور گروپ کے 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:02

کابل : آرمی پبلک سکول پر حملے میں ملوث گنڈا پور گروپ کے 15 دہشت گردوں ..

کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 12 ستمبر 2015ء) : افغانستان کے ضلع گومل میں امریکہ کے جاسوس طیارے کی بمباری میں تحریک طالبان پاکستان گنڈا پور گروپ کے 15 دہشت گرد جہنم واصل کر دئےگئے، مذکورہ گروپ پشاور اسکول سانحہ کا ذمہ دارہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے ضلع گومل میں امریکا کے فضائی حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پندرہ دہشت گرد مارے گئے، یہ حملہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کارروائی کا حصہ تھا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے گنڈا پورگروپ سے ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان گنڈا پورگروپ کی قیادت کالعدم فضل اللہ کے ہاتھ میں ہے، گنڈا پور دہشت گرد گروپ نے پشاور اسکول سانحہ کی ذمہ داری قبول کی تھی، ایک ہفتہ قبل پاکستان اور افغان حکومت کے درمیان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اورباہمی اعتماد کی بحالی کیلئے کوششوں پر اتفاق ہوا تھا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملہ جنوبی وزیرستان سے ملحقہ افغان سرحدی علاقہ میں افغانستان کے اندر ہوا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں خیبر ٹو آپریشن کے باعث دہشت گردوں کی بڑی تعداد افغانستان فرار ہوگئی ہے۔
گذشتہ سال 16 دسمبر 2014 ءکو آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے میں بچوں اور اساتذہ سمیت 150 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔