اسلام آباد : عازمین حج کے لواحقین کی سہولت کے لیے ہنگامی کال سینٹر قائم کر دیا ہے، تاحال پاکستانی عازمین حج کی شہادت یا زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ وزارت مذہبی امور پاکستان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 12 ستمبر 2015ء) : وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے حرم شریف میں پیش آنے والا واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے. ان کا کہنا ہے کہ حادثے میں 87 عازمین حج شہید ہوئے ہیں البتہ ابھی تک کسی پاکستانی کے شہید یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

سردار یوسف نے بتایا کہ عازمین حج کے لواحقین کی سہولت کیلئے وزارت مذہبی امور میں ہنگامی کال سینٹر قائم کر دیا گیا ہے لواحقین عازمین حج سے متعلق کوئی بھی معلومات حاصل کرنے کیلئے 042111725425 پر رابطہ کر سکتے ہیں.جبکہ سعودی عرب میں رابطے کا نمبر 8001166622 ہے۔

سردار یوسف نے کہا کہ پاکستان سے اب تک ایک لاکھ سے زائد عازمین سعودی عرب جا چکے ہیں اور صرف چند ہزار ہی پاکستان میں ہیں تاہم ابھی تک شہداء کی قومیت سے متعلق پتہ نہیں چل سکا جبکہ کسی پاکستانی عازمین حج کے شہید یا زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور حادثے کے بعد سے عرب میں موجود حج مشن اور سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔سردار یوسف کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈی جی حج سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں عازمین حج سے متعلق معلومات لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے .