ترسیلات زرکو بڑھانے اور شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں؛میاں زاہد حسین

ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ترسیلات زرپاکستانی معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں اسلئے انھیں بڑھانے، شفافیت لانے اورباقاعدہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں جبکہ ایک خودمختار اتھارٹی قائم کرنے پربھی غور کیا جائے۔

گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین میں بھی تبدیلی کی جائے جوٹیکس چوروں کی مدد کے علاوہ زیر زمین معیشت کا حجم بڑھانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ متعدد ممالک اقتصادی بحران کا شکار ہیں مگر پاکستان آنے والی ترسیلات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ بیرون ملک سے ترسیلات زرمبادلہ کے ذخائرکے استحکام کا سبب بنیں تو ٹھیک اور ملکی عدم استحکام کی وجہ بنیں تو غلط۔

(جاری ہے)

قانون میں ترسیلات زر کے زرائع توکیا بھیجنے والے کا نام تک پوچھنے کی ممانعت ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیکس چورکالا دھن سفید کر رہے ہیں۔ بڑھتی ترسیلات زرکا پاکستانی معیشت پر عالمی اعتماد میں اضافہ سے کوئی تعلق ہوتا تو برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہوتی جبکہ برآمدات مسلسل گر رہی ہیں۔پاکستان آنے والی ترسیلات میں سے 65 فیصد مشرق وسطیٰ سے آ رہی ہیں جہاں کئی ممالک پاکستان کے خلاف ہیں جنکا دہشت گردوں کی مالی مدد سے تعلق ہو سکتا ہے۔