سنگیت تمام تنازعات سے بالا ہے، ہمیں سیاست کی کوئی پرواہ نہیں ہے، سونو نگم، عاطف اسلم

ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:39

سنگیت تمام تنازعات سے بالا ہے، ہمیں سیاست کی کوئی پرواہ نہیں ہے، سونو ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء)پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور بھارتی گلوکار سونو نگم نے کہا ہے کہ ہم دونوں سنگیت سے وابستہ ہیں جو تمام تنازعات سے بالا ہے، ہمیں سیاست کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق دونوں اداکاروں نے دبئی میں پہلی بار اکھٹے ایک کنسرٹ میں پرفارم کیا جو یو اے ای کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔

اس موقع پر غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا میں سونو نگم کیساتھ پرفارم کرنے کاخواہشمند تھا ہم دونوں نے یہ کنسرٹ اپنے اپنے ملکوں کی عوام کی دلجوئی کیلئے کیا ہے۔ ہم گلوکاروں کو سیاست کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونو نگم نہ صرف میرے سینئر ہیں بلکہ میں ان تہہ دل سے بہت عزت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ہم نے دل کی گہرائیوں سے عوام کیلئے پرفارم کیا ہے۔

عاطف اسلم نے کہا کہ دبئی میں پرفارم کرنا ہمیشہ ہی اچھا تجربہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی گلوکار سونو نگم نے کہا کہ عاطف اسلم نہ صرف ایک اچھے گلوکار ہیں بلکہ انتہائی اچھے انسان بھی ہیں۔ میں ان کیساتھ اکھٹے ایک سٹیج پر پرفارم کرنے کیلئے بہت بے تاب تھا۔ گزشتہ ماہ جب وہ میرے گھر آئے تو ہم نے فیصلہ کر لیا تھا کہ ہم دونوں گلوکار اپنی عوام کیلئے اکھٹے پرفارم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں گلوکاروں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم متحد ہیں۔