بھارتی فلموں میں منفرد کردار نبھانے والی اداکارہ دیویا دتہ نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا

ہفتہ 12 ستمبر 2015 13:49

بھارتی فلموں میں منفرد کردار نبھانے والی اداکارہ دیویا دتہ نے پاکستانی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) بھارتی فلموں میں منفرد کردار نبھانے والی اداکارہ دیویا دتہ نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا۔ منفرد موضوع اورمضبوط کردارکی جب بھی پیشکش ہوئی توپہلی ترجیح پاکستانی فلم ہوگی۔ اس حوالے سے دیویا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں دکھائے جانے والے ٹی وی ڈراموں اور جدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں نے خاصا متاثر کیا ہے۔

پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والے فنکاروں کی ایکٹنگ بہت جاندار ہے جب کہ بیرون ممالک اس مرتبہ پاکستانی فلم دیکھنے کا موقع ملا جس سے اندازہ ہوا کہ اب پاکستان میں فلمسازی کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔ اسی لیے اگرمجھے کوئی پاکستانی فلم آفرکی گئی تومیں ضرور کام کرونگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نصیر الدین شاہ بھی پاکستانی فلموں میں کام کر چکے ہیں، اس لیے اب میں بھی یہاں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں دیویا دتہ نے کہا کہ میں صرف ہندی ہی نہیں بلکہ پنجابی اور دیگرزبانوں میں بننے والی فلموں میں اداکاری کرتی ہوں۔ جہاں تک بات پاکستانی اردو اور پنجابی فلم کی ہے تو میں آنجہانی یش چوپڑا کی فلم ویر زارا میں ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھا چکی ہوں جس کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے اور اس موقع پر میں نے جو زبان بولی ہے وہ پاکستان کے شہرراولپنڈی کی عکاسی کرتی ہے۔ اس لیے میرے لیے آواز اور انداز کو سمجھنا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :