قومی سنوکر سٹار حمزہ اکبر حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال امداد کے منتظر

ہفتہ 12 ستمبر 2015 14:58

قومی سنوکر سٹار حمزہ اکبر حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال امداد کے منتظر

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12ستمبر ۔2015ء )حکومتی وعدوں کے باوجود ایشین چیمپئن حمزہ اکبر کو پروفیشنل سرکٹ میں کھیلنے کیلئے امدادی رقم جاری نہ ہوسکی تاہم برطانیہ نے انہیں ویزا جاری کردیا ہے جہاں وہ پروفیشنل سرکٹ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی کیوئسٹ ہوں گے۔ حمزہ دو سال تک یو کے میں پروفیشنل سنوکر کھیلیں گے اور بہتر کارکردگی پر ان کے معاہدے میں توسیع ہوسکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں حمزہ اکبر کا کہنا تھا کہ پروفیشنل سرکٹ میں شرکت اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برطانوی ویزا حاصل کر لیا ہے اور اب وہ شینگن ویزا حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ، یورپ میں پروفیشنل میں شرکت کیلئے کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا ایشین چیمپئن شپ جیتنے کے بعد پروفیشنل سنوکر کی طرف سے دعوت نامہ ملا،اس میں شرکت کیلئے30سے 35 لاکھ روپے کی ضرورت ہوگی کھیلوں کی وزارت نے مجھے امدادی رقم جاری کرنے کا کہا تھا لیکن پروفیشنل سرکٹ 29ستمبر سے شروع ہونے والا ہے اور کوئی فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔ وہ 20یا 21 ستمبر کو برطانیہ روانہ ہوں گے ۔ اسکے علاوہ انہیں انٹرنیشنل میڈل حاصل کرنے پر انعامی رقم وعدہ کرنے کے باوجود نہیں دی گئی ۔