13ستمبر1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبریں

ہفتہ 12 ستمبر 2015 15:35

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) 13ستمبر1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پاکستانی فوجیں کھیم کرن کے شہر پر قبضہ کرنے کے بعد مزید آگے بڑھ گئیں، سیالکوٹ کے محاذ پر بھارتی فوج کا ایک اور حملہ، دشمن کے مزید دو طیارے،36ٹینک ، بہت سی فوجی گاڑیاں اورفوجی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔چھمب ، اکھنور اورکھیم کرن سیکٹر میں کئی اہم بھارتی چوکیوں پر پاک فوج کے شیردل جوانوں نے قبضہ کرلیا۔

انقرہ میں بھارتی سفارتخانے کی دیواریں سرخ کردی گئیں۔13ستمبر1965ء کوقومی اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے مطابق ہماری بہادر مسلح فوجوں نے بھارت کے بزدل حملہ آوروں کو ہرمحاذ پر شکست فاش دینے کے بعد فیروز پور کے علاقہ کھیم کرن پر قبضہ کرلیااور ہماری فوجیں دشمن کے علاقوں میں برابر آگے بڑھ رہی ہیں، شیردل جوانوں نے کئی محاذوں پر دشمن فوج کی پیشقدمی نہ صرف روک دی ہے بلکہ اسے پاک سرزمین سے باہر دھکیل کر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔

(جاری ہے)

اس دن کی خبروں کے مطابق فیروز پوراور امرتسر کے درمیان پاکستان کے بہادر جوان دشمن کے علاقے پرچھا گئے اوربھارتی علاقے میں گھمسان کی جنگ ہورہی ہے اور دشمن نے اپنے بکتربند فوجی دستے بھی لڑائی میں جھونک دیئے ہیں تاہم اس کے باوجود چھمب، اکھنور اور بیدیاں کھیم کرن سیکٹر میں کئی اہم بھارتی چوکیوں پر پاکستان نے نہ صرف قبضہ کرلیا بلکہ سندھ راجستھان محاذ پرایک چوکی کو دشمن سے خالی کرالیا اور ہر محاذ پر پاکستانی افواج نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے۔

اس دن کی خبروں کے مطابق بھارتی فوجوں نے سیالکوٹ کے محاذ پر ایک اورحملہ کیا اور اس دن پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کے دو اور طیارے گرا لئے گئے اور بھارتی جنگی مورچہ تباہ کردیا گیا اس دوران دشمن کے مزید36 ٹینک، بہت سی فوجی گاڑیاں اورفوجی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

اس دن شائع شدہ خبروں کے مطابق پاک فوج کے شیردل جوانوں کی کامیابیوں اور پیشقدمی کی خبرسنتے ہی بھارتی صوبہ گجرات میں بھگڈر مچ گئی اور شہری چھوٹے دیہاتوں اورقصبوں کی طرف ہجرت کرنے لگ گئے۔

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھارتی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں طلباء نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے بھارتی سفارتخانے کی دیواریں سرخ کردیں اور مطالبہ کیا کہ ہمارے جیٹ طیارے فوراً کشمیربھیجے جائیں۔اس دن شائع ہونے والے اداریوں میں جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے کارناموں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاک فوج کے شیردل جوانوں کی بہادری اورجرأت کی تعریف کی گئی۔