اسٹیٹ بینک نے عید الاضحی پر نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرادی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 18:56

اسٹیٹ بینک نے عید الاضحی پر نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے لیے ایس ایم ایس ..

کراچی اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) بینک دولت پاکستان نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے اشتراک سے عوام کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عیدالاضحی کے موقعے پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی 335 نامزد شاخوں سے دستیاب ہونگے، ان کو ای برانچز کہا جائیگا۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر کے92 شہروں میں واقع اسٹیٹ بینک بی ایس سی کے دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔ عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نوٹوں کا اجرا 14 ستمبر 2015ء سے شروع ہوگا۔اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو 8877پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ بینک برانچ کا کوڈ لکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ www.sbp.org.pkاور پی بی اے کی ویب سائٹwww.pakistanbanks.org پر دستیاب ہیں۔ ایس ایم ایس بھیجنے والے کو جواب میں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ٹرانزیکشن کوڈ، برانچ کا پتہ اور وہ تاریخ لکھی ہوگی جب تک وہ ٹرانزیکشن کی جاسکتی ہے۔ ٹرانزیکشن کوڈ زیادہ سے زیادہ دو ایام کار کے لیے موثر ہوگا۔

اس کے بعد اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اسمارٹ کارڈ اور 8877سے موصولہ شارٹ کوڈ لے کر متعلقہ بینک برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹوں کا طے شدہ کوٹا مل جائے گا۔یہ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کی دو گڈی ، اور 50روپے کی ایک گڈی ہے جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 100روپے کے نوٹوں کی ایک گڈی بھی مل سکتی ہے۔ ایک فرد اپنے موبائل فون سے اپنا شناختی کارڈاسمارٹ کارڈ نمبر استعمال کرکے نئے نوٹوں کا کوٹا صرف ایک مرتبہ حاصل کرسکتا ہے۔

ان خدمات کے چارجز 2روپے نیز ٹیکس ہیں لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ اس سہولت کو صرف ایک بار استعمال کریں کیونکہ ایک سے زیادہ ایس ایم ایس بھیجنے سے صرف ایس ایم ایس کا خرچ بڑھے گا۔ کوئی شکایت ہو تو اسٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن کے ان نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتاہے: 021-3245-5470 ،021-3245-5125، 051-9270754، 051-9271999 ، 042-99214424، 042-99210401-10، ایکسٹینشن 2265۔

متعلقہ عنوان :