آئندہ برسوں میں پاکستان کھیلوں میں نمبر ون ہوگا ‘عثمان انور

ہفتہ 12 ستمبر 2015 19:38

آئندہ برسوں میں پاکستان کھیلوں میں نمبر ون ہوگا ‘عثمان انور

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سپورٹس کا انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں جس کے تحت کھیلوں کا معیار عالمی معیار کے مطابق ہوگا، کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی سہولتیں دیں گے، کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ بھی قائم کیا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو پیسوں کیلئے کسی کے پاس نہیں جانا پڑے گا، آئندہ تین چار برسوں میں پاکستان بیس بال اور دیگر کھیلوں میں نمبر ون ہوگا، بیس بال کیلئے الگ گراؤنڈ اور سٹیڈیم بنائیں گے، قومی بیس بال ٹیم چیمپیئن شپ میں قومی جذبے کے تحت میدان میں اترے اور کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی بیس بال ٹیم کو تائیوان میں ہونیوالی27ویں سینئر ایشیئن بیس بال چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین و سابق آئی جی پنجاب شوکت جاوید، پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید پرویز خاور شاہ، پاکستان جمناسٹک فیڈریشن کے صدر پائندہ ملک، ٹگ آف وار فیڈریشن کے صدر رانا جمیل اور جوجٹسو فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر خلیل بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ 1947ء سے لیکر آج تک جو کام نہیں ہوسکا تھا وہ ایک رات میں ہونا ناممکن تھا، سپورٹس کے جدید انفراسٹرکچر کیلئے تین برس قبل کام کا آغاز کیا، شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تین سال بعد آج اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، تحصیل اور ضلع کی سطح پر اکیڈمیز قائم کی جارہی ہیں، نوجوان اپنے شہروں میں رہتے ہوئے تیاری کریں گے، ان کو کھیلنے کیلئے لاہور یا دوسرے شہر نہیں جانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ انٹرنیشنل کوچز کو پاکستان بلائیں گے جو کہ نہ صرف کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے بلکہ ہمارے کوچز کو بھی ٹرینڈکریں گے، قومی بیس بال ٹیم کی تربیت کیلئے جاپان سے خصوصی طور پر کوچ ٹوما اروکاوا کو بلایا گیا ہے ٹیم نے دو ماہ بہت محنت کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے کھلاڑی قومی جذبہ لیکر میدان میں جائیں اور ملک کا نام روشن کریں۔

پاکستان بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاویدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیئن بیس بال چیمیئن شپ کی تیاری کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھرپور تعاون کیا، ٹیم کو تربیت کیلئے قیام و طعام کی سہولت فراہم کی اور جاپان سے کوچ بلانے کیلئے بھی بھرپور تعاون کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہم چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے کے قابل ہوئے جس کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے شکرگزار ہیں، انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح سپورٹس کو فروغ گزشتہ تین برسوں میں دیا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پنجاب یوتھ فیسٹیول نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں لاکھوں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، سید پرویز خاور شاہ نے کہا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کے تعاون سے بیس بال ٹیم کو دو ماہ پنجاب سٹیڈیم میں تربیت دی گئی، ٹیم بھرپور تیاری کرکے جارہی ہے، بیس بال کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

تقریب کے آخر میں قومی بیس بال ٹیم نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ٹیم کو نیک تمناؤں کے ساتھ تائیوان کے لئے رخصت کیا۔

متعلقہ عنوان :