وزیراعظم کا زیرو پوائنٹ سے روات تک سگنل فری منصوبے پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار ، چیئرمین سی ڈی اے کو سرزنش اسلام آباد کی شاہراہوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت،وزیراعظم کی ہدایت پر سگنل فری منصوبے میں تبدیلی اور جلد تکمیل کا فیصلہ

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے زیرو پوائنٹ سے روات تک سگنل فری منصوبے پر کام کی سست رفتارپر سی ڈی اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے چیئرمین اور حکام کی سرزنش کی اور اسلام آباد کی شاہراؤں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وزیراعظم نواز شریف نے ایک اجلاس میں سی ڈی اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو رول ماڈل قرار دیا اور سی ڈی اے کے حکام کو سست کارکردگی پر سخت سرزنش کرتے ہوئے اسلام آباد کی شاہراؤں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر سگنل فری منصوبے میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا، چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کی مدت تکمیل میں کمی لانے کی ہدایت کر دی جس کے بعد زیروپوائنٹ تا روات سگنل فری راہداری کا پہلا مرحلہ دسمبر2015 میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک پہلا سیکشن چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سگنل فری راہداری تین کے بجائے دو مراحل میں مکمل ہو گی۔ وزیراعظم نے فیض آباد تا روات سیکشن گیارہ ماہ میں مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔