بے نظیر بھٹو قتل کیس‘ انتہائی اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل (پرسوں) ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے

بیان استغاثہ اور وکلاء صفائی کی موجودگی میں ریکارڈ ہو گا‘ وکلاء صفائی جرح بھی کریں گے دفتر خارجہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا‘ انسداد دہشتگردی کے جج ایوب مارتھ کمشنر آفس راولپنڈی میں عدالت لگائیں گے

ہفتہ 12 ستمبر 2015 22:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کے انتہائی اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل پیر کو اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ ذ رائع کے مطابق اس حوالے سے انہوں نے دفتر خارجہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ مارک سیگل شام ساڑھے 7 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جس کا بندوبست عدالتی حکم پر کمشنر آفس راولپنڈی میں پہلے سے ہی کر دیا گیا ہے۔

جہاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ عدالت لگائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر استغاثہ اور وکلاء صفائی بھی موجود ہوں گے جن کے سامنے بیان ریکارڈ کیا جائے گا اور وکلاء صفائی اس پر جرح بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کے ذمہ داران اسی روز مارک سیگل کا بیان قلمبند کرانے کے حوالے سے باقاعدہ عدالت کو آگاہ کریں گے۔

پونے 8 برس پرانے اس کیس میں مارک سیگل کا بیان اس لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ قریبی ساتھی ہونے کے ناطے بے نظیر اپنے اس دوست سے تقریباً ہر بات شیئر کرتی تھیں۔ امکان ہے کہ مارک سیگل کے بعد تفتیشی افسران کے بیانات قلمبند ہو جانے پر دوبارہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ 27 دسمبر کو ہونے والی ان کی 8 ویں برسی سے قبل ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :