انگلش پریمیئر لیگ ،دفاعی چیمپیئن چیلسی کو ایورٹن کے ہاتھوں تین گول سے شکست

اتوار 13 ستمبر 2015 10:42

انگلش پریمیئر لیگ ،دفاعی چیمپیئن چیلسی کو ایورٹن کے ہاتھوں تین گول ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13ستمبر۔2015ء)انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ سال کے چیمپیئن کلب چیلسی کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اورگزشتہ روز اسے ایورٹن کے ہاتھوں تین گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔رواں سیزن میں لندن کا یہ کلب اب تک پانچ میچوں میں سے صرف ایک میں ہی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکا ہے جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی اور ایک برابر رہا۔

ایورٹن کی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار متبادل کھلاڑی سٹیون نیسمتھ کا رہا جنھوں نے ہیٹ ٹرک سکور کی۔نیسمتھ پہلے ہاف میں محمد بیسک کے زخمی ہونے پر میدان میں اترے اور آتے ہی انھوں نے کھیل کے 17ویں منٹ میں برینڈن گیلووے کے کراس پر ہیڈ سے گول کر دیا۔پانچ منٹ بعد نیسمتھ نے ایورٹن کی برتری اس وقت دوگنی کر دی جب گول کیپر ڈی کے باہر سے لگائی گئی ان کی شاٹ روکنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد دفاعی چیمپیئن چیلسی کی ٹیم نے نسبتاً جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 36ویں منٹ میں ایورٹن کی برتری کم کرنے میں کامیاب ہوگئی۔یہ گول نیمانا ماتک نے جان او بی میکیل کے پاس پر تیس گز کی دوری سے ایک عمدہ کک لگا کر کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر سکور ایورٹن کے حق میں دو ایک تھا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن چیلسی کی ٹیم کئی کوششوں کے باوجود میچ برابر کرنے میں ناکام رہی۔

کھیل کے 83ویں منٹ میں نیسمتھ نے ایورٹن کے لیے تیسرا گول کر کے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ چیلسی کی میچ برابر کرنے کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔اس گول میں راس برکلی نے ان کی مدد کی جن کے پاس پر نیسمتھ نے ایک مشکل زاویے سیگیند چیلسی کے گول میں ڈال دی۔یہ 1986 کے بعد سے چیلسی کا پریمیئر لیگ میں بدترین آغاز ہے۔خیال رہے کہ رواں برس ابتدائی پانچ میں سے تین میچ ہارنے والی چیلسی کی ٹیم گذشتہ سیزن میں اپنے کل 38 میچوں میں سے صرف تین میچ ہاری تھی۔