کوچز اور کھلاڑی سخت سے سخت محنت کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں،ڈاکٹر تہذیب الحسن

اتوار 13 ستمبر 2015 12:14

کوچز اور کھلاڑی سخت سے سخت محنت کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13ستمبر۔2015ء)سماجی کارکن امیدوار چیئرمین یونین کونسل نمبر 50، جی ایٹ فور، اسلام آباد ڈاکٹر تہذیب الحسن نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور کوچز اور کھلاڑی سخت سے سخت محنت کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی اینڈ ٹی فٹ بال گراؤنڈ میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پوٹھوارچیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پراسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، نائب صدر محمد زمان، اکبر کلب کے صدر سید شرافت حسین بخاری، ہماکلب کے صدر ذاکر حسین نقوی، راوی کلب کے صدر سید تنویراحمد کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ، انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو کھلاڑی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں سرکاری سطح پر کھیلوں کی اکیڈمیاں بنا نے اقدامات کرے تاکہ غریب بچے بھی کھیلوں میں حصہ لے سکیں، ڈاکٹر تہذیب نے مزید کہا کہ کھیل کے میدانوں میں کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی پابندی کرنی چاہئے، اور پاکستانی کھلاڑیوں نے ہی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں دنیا پر حکمرانی کی جن میں ہاکی ، کرکٹ، سکواش اور سنوکر کے کھیل تھے، انہوں نے امید کی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستانی کھلاڑی ان کھیلوں کے مقابلوں میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے