پیپلز پارٹی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے قبل مسلم لیگ (ن) کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کیلئے سرگرم

(کل) سینٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حکومتی بنچوں پر بیٹھے ممبران کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کا امکان

اتوار 13 ستمبر 2015 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے قبل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کیلئے سرگرم ہوگئی ، (کل) پیر کوہونے والے سینٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حکومتی بنچوں پر بیٹھے ممبران کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کا بھی امکان ہے ‘ بلاول بھٹو زرداری کی تقریر نے بھی حکومت کو مشکل میں دال دیا ۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسمبلی اجلاس میں حکومت کو متاثر کرنے کے لئے کمر کس لی جس کے لئے تحریک انصاف نے بھی پیپلز پارٹی کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر ا علی سندھ قائم علی شاہ نے سندھ میں نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دلائی جس کے بعد وزیراعظم اور حکومتی شخصیات کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اس پر سیخ پا ہے اور اس وقت نندی پور توانائی منصوبے اور پنجاب میں ہونے والی کرپشن اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر قومی اسمبلی میں تحاریک التواء جمع کروانے کے بعد (کل) پیر کو سینٹ کے شروع ہونے والے اجلاس میں بھی اس پر بات ہوگی ۔ذرائع کے مطابق سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن اور دیگر سینیٹرز کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے یہ ذمہ داری سونپی گئی ۔