19 سالہ معذور لڑکی ،عزم و ہمت کی مثال

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 13 ستمبر 2015 16:50

19 سالہ معذور لڑکی ،عزم و ہمت کی   مثال

ہینان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر۔2015ء)چین میں ہینان سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ معذور لڑکی سخت محنت ، ثابت قدمی اور عزم و ہمت کی مثال ہے وانگ جوانگ نانیانگ شہر کی ژنیے کاؤنٹی میں پیدا ہوئی۔ وانگ 6 سال کی تھی کہ ایک کار ایکسیڈنٹ میں دونوں ٹانگیں گنوا بیٹھی ۔ مصیبت اکیلی نہیں آتی، وانگ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔وانگ کے ایکسیڈنٹ کا صدمہ اتنا شدید تھا کہ صدمے سے نڈھال وانگ کی ماں نے کنویں میں کود کر اپنی جان لے لی اور باپ گھر چھوڑ کر ایسا گیا کہ پھر کسی نے اس کے بارے میں کچھ نہیں سنا۔

اس کے بعد وانگ اپنے دادا اور دادی کے ساتھ رہنے لگی اور زندگی گذارنے کے لیے اپنی تربیت خود کرنے لگی۔جلد ہی اس نے اپنے ہاتھوں سے پاؤں کا کام لینا سیکھ لیا۔ہاتھوں کے سہارے چل کر ہی اس نے پرائمری سکول ، مڈل سکول اور ہائی سکول کی تعلیم مکمل کی۔

(جاری ہے)

اب وانگ کو کالج میں داخلہ مل گیا ہے۔وانگ اس مقام تک اپنے قوت ارادی اور لگن کی وجہ سے پہنچی ہے۔

وانگ نے بتایا کہ اگر شروع میں ہی وہ مایوسی کا شکار ہوجاتی تو اس کی زندگی بھی ختم ہوجاتی۔ وانگ کے دادا نے اسے بتادیا تھا کہ اس کی فیملی میں سے کوئی اس کی مدد نہیں کر سکے گا، اس لیے اس نے خود ہی زندگی گذارنا سیکھا اور اپنی مدد خود کی۔ وانگ نے کالج کے داخلہ کے امتحان میں بہت اچھے نمبر حاصل کیے ہیں، اس کی معذوری کی وجہ سے بہت سے سکولوں نے اسے داخلہ نہیں دیا تھا مگر خوش قسمتی سے اسے ہینان کے شانگ کیو کالج میں داخلہ مل گیا۔

کالج نے اسے داخلہ ہی نہیں دیا بلکہ چار سالوں کی ٹیوشن فیس اور کرایہ جات بھی کم کر دئیے۔ کالج نے وانگ کے لیے 400 یوان (6 550 روپے)ماہانہ کا وظیفہ بھی مقرر کر دیا اور اسے رہائش کے لیے پہلی منزل پر ہی کمرہ دے دیا۔ وانگ کا کہنا ہے کہ میں کالج اور دوسرے تمام لوگوں کی شکرگذار ہوں جنہوں نے میری مدد کی، مگر اب میں دوسرے لوگوں پر بوجھ بننا نہیں چاہتی۔

وانگ کا کہنا ہے کہ میں دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے اپنا رستہ پالوں گی۔دوسرے طلباء جب لازمی فوجی تربیت حاصل کر رہے ہوتے ہیں تو وانگ ان میں شامل نہیں ہوتی مگر وہ طلباء کی چیزوں کے پاس بیٹھ کر اُن کی حفاظت کر تی ہے۔ ہم وانگ اور اس جیسے لوگوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ہم سیکھ سکتے ہیں کہ کوئی معذوری انسان میں آگے بڑھنے کی لگن ختم نہیں کر سکتی۔