سی ڈی اے نے ہفتہ وار بازاروں میں غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے سٹال ہولڈرز کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا

اتوار 13 ستمبر 2015 17:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹل اور ریستورانوں ،بیکریوں پر چھاپہ مار کارروائی کے آغاز کے بعد سی ڈی اے کی بازار انتظامیہ نے بھی ہفتہ وار بازاروں میں ناقص اور غیرمعیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے سٹال ہولڈرز کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر بازار عرفان اللہ اور چیف انسپکٹر ملک سلیم نے اتوار کو تمام سٹالوں پر اشیاء خوردونوش کے میعار ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں انتباہ جاری کی کہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کی فروخت کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ اے ڈی بازار نے سٹال ہولڈرز کا اجلاس طلب کر کے انہیں ہدایت کی کہ سی ڈی اے ہیلتھ سروسز کی ویری فیکیشن سرٹیفیکیٹ پاس رکھیں ، سٹال ہولڈر اور عملہ صاف کپڑے پہن کر اور دستانے اور ایپرن پہن کر آئیں اور ناخن اور بال کٹے ہونے چاہئیں اور سر پر باریک جالی دار ٹوپی پہن کر اشیاء خوردنوش فروخت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھانا پکانے اور فروخت کرنے کی جگہ کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے اور ڈسپوز ایبل برتنوں میں کھانا فروخت کرنے کی بھی ہدایت کی اورکہاکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے سٹال معطل اور منسوخ ہونگے اور انہیں جرمانے کئے جائیں گے ۔اس ضمن میں آئندہ ہفتے سے باقاعدہ کارروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :