بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی، چودھری رفعت ایڈووکیٹ

اتوار 13 ستمبر 2015 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے رہنما چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔ اتوار کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کوپاکستان کی بقا اور سلامتی عزیز ہے اور اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ایک نظریاتی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں اس جماعت کی عوامی مقبولیت کو کسی بھی پلیٹ فارم پر چیلنج نہیں کیا جا سکتا، مخالفین پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور اپنے دور حکومت میں غربت، پسماندگی، بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں جس سے عوام مستفید ہوں گے۔ چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ غریب عوام کے حقوق کا ڈرامہ رچانے والے نہیں چاہتے کہ ملکی ادارے یکسوئی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں اداکریں۔