Live Updates

پرویز خٹک پی ٹی آئی کوتباہ کرنے پر تلے ہیں، صوبے میں پی ٹی آئی کی نہیں، اتحادیوں کی حکومت ہے ،کارکن مسلسل نظر انداز ہورہے ہیں، عمران خان وزیراعلیٰ کی پارٹی مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات کریں،جلد پرویز خٹک ہٹاؤ مہم شروع کریں گے،تحریک انصاف کے رہنماء جنیدا کبر خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 13 ستمبر 2015 20:40

پرویز خٹک پی ٹی آئی کوتباہ کرنے پر تلے ہیں، صوبے میں پی ٹی آئی کی نہیں، ..

بٹ خیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ کے ممبر قومی اسمبلی جنیدا کبر خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء پی ٹی آئی کوتباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، صوبے میں پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اتحادیوں کی حکومت ہے کارکن مسلسل نظر انداز ہورہے ہیں، عمران خان وزیراعلیٰ سمیت وزراء کی پارٹی خلاف سرگرمیوں کی بھی تحقیقات کریں،حج واپسی کے بعد پرویز خٹک ہٹاؤ مہم شروع کریں گے۔

وہ اتوار کو مالاکنڈ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی رہنما ابرار اللہ مجددی، ضلع کسان کونسلر فضل منان بازدا،ضلع کونسلر کفایت اللہ ،ضلع کونسلر ناصرعلی،کونسل چیئرمین معاذ جان،شاہد خان ،نذیر احمد ،اکرام اللہ اور دیگر بھی موجود تھے جنید اکبر خان نے کہاکہ انہوں نے شروع میں وزیر اعلیٰ سے مالاکنڈ کے عوام کے لئے یونیورسٹی کیمپس اور مالاکنڈ میں تیسرے تحصیل کے قیام کے مطالبات کئے جسے اس وقت منظور کرایا گیا مگر ڈیڑھ سال تک گزرنے کے باوجود ایک بھی مطالبے پر عمل درآمد نہیں ہوا نوشہرہ ، مردان اور صوابی میں فاصلے کے باوجود یونیورسٹی کیمپس اور آبادی کے بنیاد پر تحصیلوں کا قیام عمل میں لایا گیا مگر مالاکنڈ بلکہ ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ کی نامناسب رویے کا سلسلہ تاحال جاری ہے وزراء کے مالاکنڈ دوروں کے دوران بھی انہیں مسلسل نظرانداز کیاجارہاہے جبکہ وزیر اعلیٰ سے وقت مانگنے کے لئے در در کی خاک الگ چھاننی پڑتی ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ ہے کیونکہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے محمد علی شاہ باچہ کو مالاکنڈ میں اس قدر مضبوط کیاہے کہ پی ٹی آئی کو اس صورت حال میں کام کرنا مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے آئین میں یہ کہیں بھی نہیں لکھا گیاہے کہ بجلی اور تمباکو رائیلٹی کی رقم صرف ایم پی ایز کو دی جائے گی اس کے باوجود انہیں رائیلٹی فنڈز نہیں دیا جارہاہے رائیلٹی کا زیادہ ترفنڈز پیپلزپارٹی کے ایم پی اے محمد علی شاہ کودیا جاتاہے اور ہمارے پی ٹی آئی کے ایم پی اے شکیل خان کو آٹے میں نمک کے برابر فنڈز دی جاتی ہے اس کے علاوہ ڈیڈک کا چیئرمین شپ بھی پیپلزپارٹی کے ایم پی اے کوسپرد کیا گیا ہے جسے وہ پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کررہاہے ان حالات میں کسی ایک سیٹ کے جیتنے کی خواہش رکھنا دیوانے کے خواب کے سوا کچھ نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ میں بعض منتخب بلدیاتی اراکین کے سروں کی بولی لگی ہوئی تھی اور یہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا نہیں کہ وہ خرید وفروخت کریں ہم الیکشن ضرور ہارے مگر اصول نہیں ہارے ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ دھرنے کے دوران جب عمران خان نے صوبائی حکومت ختم کرنے کا حکم دیا تو وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے کہنے پر پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے اراکین اسمبلی اور وزراء کو فون کرکے عمران خان کے حکم کے خلاف عدم اعتماد لانے کی سعی کی جس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ کو پی ٹی آئی سے کوئی سروکار نہیں وہ کل کسی اور پارٹی میں ہوں گے مگر نقصان پاکستان تحریک انصاف کاہورہاہے وزیر اعلیٰ اپنی کرسی بچانے کیساتھ ساتھ بیٹے کی سیاست میں آنے کے لئے راہیں ہموار کررہے ہیں اتحادیوں کو تین چار آراکین پر پوراصوبہ حوالے کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ذلیل وخوار ہورہے ہیں کارکنوں کے کام نہیں ہوتے انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی میں بیٹھے پی ٹی آئی کے اراکین پر لعنت بھیجتا ہوں جو ان کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ صوبے کے وسائل اتحادیوں اوراپوزیشن میں بندربانٹ کی طرح تقسیم کررہاہے اور وہ خاموش بیٹھے ہیں اگر میں ہوتا تو ایک دن بھی اسمبلی نہیں چلنے دیتا تمام فنڈز نوشہرہ منتقل ہورہاہے یہ کہاں کا انصاف ہے انہوں نے کہاکہ صوبے میں تبدیلی وزیر اعلیٰ کی وجہ سے نہیں بلکہ عمران خان کے نظریے کے تحت آئی ہے اس میں وزیر اعلیٰ کا کوئی کمال نہیں اگر وزیراعلیٰ کے بس میں ہوتا تو آج پی ٹی آئی کا رہا سہا جنازہ بھی نکل گیا ہوتاانہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کو آٹھ اور شہرام خان کو تین ایم پی ایز پر منسٹری ، سنیٹر اور دیگر مراعات دی جاسکتی ہے مگر پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو نہیں نئی بھرتیوں میں پی ٹی آئی کے لئے این ٹی ایس شرط ہے جبکہ جماعت اسلامی کے وزراء اور شہرام ترکئی کے لئے یہ قانون نہیں پی او بکس کے ذریعے ان کے بندے بھرتی ہورہے ہیں وزیر اعلیٰ پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ انہی کا وزیر اعلیٰ ہے جسے ہم مزید برداشت نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن دیر بالا میں پی ٹی آئی کے کارکنان جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ دیر میں جماعت اسلامی کے وزیر بلدیات عنایت اللہ اور دیگر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سرے سے برداشت نہیں کرتے پی ٹی آئی کا ووٹ پیپلزپارٹی کے امیدوار کو انتقاما ًملے گا انہوں نے کہاکہ ان کا مرنا جینا پی ٹی آئی کے ساتھ ہے مگر حق بات کہنے سے انہیں کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ ہم نے ترقیاتی کاموں پر نہیں بلکہ تبدیلی کے نام پرووٹ لیا ہے اور جب بات اصول اور تبدیلی کی آئے گی تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے ہمیں عمران خان کے نظریے ،انصاف اور سوچ کو ہرصورت میں آگے لے جانا ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات