عابد شیر علی کو قتل کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا، ان کے پاس الزام کا کوئی ثبوت ہے کہ پارٹی میں پیش کریں ، جسٹس کاظم پر جو تنقید کی وہ درست تھی ، میرے کالعدم تنظیم کے کسی رہنماء کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں نہ کبھی ملاقات کی ،صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ کا انٹرویو

اتوار 13 ستمبر 2015 21:03

عابد شیر علی کو قتل کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا، ان کے پاس الزام کا کوئی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے انہوں نے پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا ، اگر عابد شیر علی کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت ہے کہ تو وہ پارٹی قیادت کے سامنے ثبوت پیش کریں ، جسٹس (ر) کاظم ملک نے این اے 122 اور 125 حلقوں کے فیصلے سے متعلق اپنی ذات کو فیصلے میں شامل کر لیا اس لئے مجبوراً مجھے ان کی ذات پر بات کرنا پڑی۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کی چوہدری شیر علی اور ان کے بیٹے عابد شیر علی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے اور میں نے کبھی ان کے قتل کے احکامات نہیں دئیے ، میرے اختلافات صرف سیاسی نوعیت کے ہیں اگر ان کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو وہ میڈیا میں آ کر اسے اچھالنے کی بجائے اسے پارٹی میں پیش کریں ۔

(جاری ہے)

این اے 122 اور 125 حلقوں کے فیصلے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جسٹس کاظم ملک نے ان فیصلوں میں اپنی ذات کو شامل کر لیا اس لئے مجھے ان کی ذات پر بات کرنا پڑی اگر وہ ان فیصلوں میں ا پنی ذات کو شامل نہ کرتے تو میں کبھی بھی ان کی ذات پر بات نہ کرتا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو کوئی دھمکی نہیں دی تھی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اجلاس ہوا ۔

ہماری اور بہت ساری میٹنگز ہوتی رہی ہیں لیکن ان میں میرے علاوہ بھی 16 اعلیٰ افسران اور سیکرٹریز موجود تھے ہم نے صرف پولیس کو ماڈل ٹاؤن میں بیریئرز ہٹانے کیلئے بھیجا تھا وہاں پرپیٹ کے ورکرز نے مزاحمت شروع کر دی اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں یہ سب ہوا۔ سابق گورنر سلمان تاثیر کے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہیں ایک پروپیگنڈے میں پھنسا کر قتل کیا گیا۔

یہ ان کے ساتھ بہت غلط کیا گیا ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ تعلقات کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرے کسی کالعدم تنظیم کے رہنما سے کوئی تعلقات نہیں ہیں نہ ہی میں نے کبھی کسی سے ملاقات کی ہے۔ میری کبھی ملک اسحاق سے بھی ملاقات نہیں ہوئی۔ عمران خان کی ہیٹرک کے سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کو این اے 122 اور 125 کے ضمنی انتخابات میں ہری پور سے بڑی شکست دیں گے۔

پروگرام میں پوچھے گئے ذاتی زندگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بیٹی اور بیٹے میں کوئی فرق نہیں سمجھتا۔ میری ایک ہی بیٹی ہے جسے میں نے پورے نازوں سے پالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الزامات کی سیاست تحریک انصاف کا وطیرہ ہے انہیں یہ سلسلہ اب بند کرنا ہو گا۔ ملک شفقت کے دستبردار ہونے پر پروپیگنڈا کامیاب نہیں ہو گا۔ پی ٹی آئی کی جاری کردہ تصاویر پنچایت کی ہیں جہاں دو گروپوں کی صلح ہوئی تھی اس حوالے سے عمر ورک وضاحت دے چکے ہیں۔ اب پی ٹی آئی کے الزام پر قانونی چارہ جوئی کریں گے اور بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بہت بڑی شکست دیں گے۔