پاکستانی سفارتخانہ کی کرین حادثے میں 11 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق ، حادثے کے وقت پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ ایران سمیت دیگر ممالک کے30 ہزار عازمین حج صحن حرم میں موجود تھے،سعودی حکام

اتوار 13 ستمبر 2015 23:51

پاکستانی سفارتخانہ کی کرین حادثے میں 11 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13ستمبر۔2015ء) سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے مسجد الحرام میں کرین حادثہ میں 11 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ حادثے میں شہید افراد کی تعداد 107 ہوگئی،پاکستانی سفارتخانے کے مطابق مسجد الحرام میں پیش آنے والے حادثے میں 11 پاکستانی عازمین حج شہید ہو ئے ہیں ، شہید ہونے والوں میں مہمند ایجنسی کے نیاز محمد، لاہور کے علی رضا اقبال، مردان کی عنبربہادر شاہ، امِ نیاز، گل عبدالمنان اور دیر کے احمد فیض شامل ہیں، دوسری جانب سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو طوفان کی وجہ سے پیش آنے حادثے میں 107 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 238 میں سے 95 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا،سعودی حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت پاکستان، بنگلہ دیش، ایران اور انڈیا سمیت دیگر ممالک کے تیس ہزار عازمین حج صحن حرم میں موجود تھے،حادثہ کے مقام سے گرنے والی ٹرین اور دوسرا ملبہ ہٹا دیا گیا۔