اداکار نواز الدین کا چھٹیاں منفرد انداز میں گزارنے کا فیصلہ

پیر 14 ستمبر 2015 11:36

اداکار نواز الدین کا چھٹیاں منفرد انداز میں گزارنے کا فیصلہ

اتر پردیش (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء)دنیا کے بیشتر افراد اپنی چھٹیاں گزارنے کے لئے صحت افزا اور تفریحی مقامات یا غیر ملکی دوروں پر جانے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم بالی وڈ کے اداکار نوازالدین صدیقی نے اس بار چھٹیاں گزارنے کے لئے منفرد اور انوکھا انداز اپنانے کی ٹھان لی ہے۔بھارتی اخبارکی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ فلموں میں منفرد کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی چھٹیاں اتر پردیش (یو پی) میں اپنے خاندان کے ساتھ گاوٴں میں گزاریں گئے، جہاں وہ کچھ عرصہ کسان کے طور پر پہلے ہی گزار چکے ہیں۔

نواز الدین گزشتہ کچھ سالوں سے بالی وڈ فلموں کے لئے مستقل کام کررہے ہیں-ذرائع کے مطابق اب نواز الدین اس مصروفت کو کچھ عرصہ کے لئے خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نوازالدین صدیقی کچھ دنوں کے لئے اپنے آبائی گاوٴں جانے کی باتیں کررہے ہیں۔جہاں ان کی والدہ اور بھائی قیام پذیر ہیں جو نوازالدین صدیقی کی آمد کے شدت سے منتظر ہیں، تاہم وہ ان سے ملاقات کے لئے کبھی وقت نہیں نکال سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ صرف وہ گھر جانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں بلکہ وہاں کھیتی باڑی کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔اس حوالے سے بالی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ جب کبھی گھر لوٹتے ہیں تو کھیتی باڑی کے بارے میں ضرور سوچتے ہیں۔نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ میں نے اپنی زندگی کے 20 سال کھیتی باڑی کی ہے اور اب مجھے جب بھی وقت ملتا ہے میں یہ کام ضرور کرتا ہوں، یہ ہمارا خاندانی پیشہ ہے اور مجھے ایسا کرنے سے بہت خوشی ملتی ہے۔‘