فن کی خدمت میں زندگی گزاردینے والے فنکاروں کا مشکل وقت میں کوئی پرسان حال نہیں ہوتا‘ اداکار ماجد جہانگیر

پیر 14 ستمبر 2015 12:29

فن کی خدمت میں زندگی گزاردینے والے فنکاروں کا مشکل وقت میں کوئی پرسان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل اور ففٹی ففٹی سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ماجد جہانگیر نے کہا ہے کہ فنکار اپنی زندگی فن کی خدمت کرنے میں گزار دیتے ہیں مگر جب ان پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماجد جہانگیر نے کہا کہ ملک میں فنکاروں کو ان کا جائز مقام نہیں دیاجاتا ، یہ عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لیے اپنے شب وروز پیاروں سے دور گزار دیتے ہیں۔

ماجد جہانگیر نے کہا کہ مجھ پر فالج کا حملہ ہوا جس کے باعث مجھے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر حکومت نے میری خبر تک نہ لی۔ حکومت کے علاوہ ملک ریاض جیسے کئی مخیر حضرات ہیں جو مصیبت کے وقت ہم وطنوں کا خیال رکھتے ہیں، شاید ان تک میری علالت کی خبر نہیں پہنچی۔ میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ملک ریاض سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میرے علاج معالجہ کے حوالے سے میری مدد کریں۔