اوپن یونیورسٹی میں ایچ ای سی کے تعاون سے منعقدہ "فنانس اور آڈٹ"پر

تین روزہ آن کیمپس ٹریننگ ورکشاپ کی تقریب تقسیم اسناد

پیر 14 ستمبر 2015 12:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے فنانس اور آڈٹ سے وابستہ ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے "فنانس اور آڈٹ"پر تین روزہ آن کیمپس ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا تھا ۔ تربیتی ورکشاپ ہر روز تین سیشنز پر مشتمل تھی۔ ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی ملازمین میں انتظامی ‘ فنانس اور آڈٹ کے معاملات کو احسن طریقے سے نبٹانے کی صلاحیتیں پیدا کرنا اور ان میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔

یہ ورکشاپ یونیورسٹی میں جاری پروفیشنل ڈیولپمنٹ سیریز کا حصہ تھی۔ تین روزہ آن کیمپس تربیتی ورکشاپ میں نئے اکاؤنٹنگ ماڈلز ‘ ٹریژری کے قوانین اور انتظامی امور ‘ یونیورسٹیوں میں اکاونٹنگ پالیسیاں ‘ پبلک سیکٹر اداروں میں مالی انتظام ‘ پبلک فنانس ‘ یونیورسٹی میں اندرونی آڈٹ ‘ اور پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں بجٹ کے موضوعات شامل تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے تقریب اسناد سے خطاب کرتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والے کارکنوں کوتربیت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پوری لگن ‘ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ یونیورسٹی امیج بلڈنگ کے لئے کام کریں۔ ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوارکرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ‘آئیں سب مل کر ہاتھوں میں ہابھ ملاکر یونیورسٹی کی فلاح و بہبود کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔

انہوں نے ایچ ای سی کی طرف سے یونیورسٹیوں کی غیر تدریسی عملے کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے لئے شروع کرائے گئے مختلف آن کیمپس تربیتی ورکشاپس منعقد کرانے کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ان تربیتی ورکشاپس سے یونیورسٹیوں میں گڈ گورننس قائم ہوگی جو طلبہ و طالبات کو بہترین خدمات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اوپن یونیورسٹی میں آن کیمپس ٹریننگ ورکشاپ منعقد کرانے میں تعاون و رہنمائی فراہم کرنے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے تربیتی ورکشاپ کے رابطہ کار ‘ محمد حماد طارق کا ورکشاپ کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرانے پر مبارکباد دی۔ آخر میں وائس چانسلر نے تربیت حاصل کرنے والے ملازمین ‘ ریسورس پرسنز اور محمد حماد کو اسناد دئیے۔