دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے دہشتگردوں کے مالی وسائل کا سدباب کیا جائے ، دہشتگردوں کے مالی وسائل کا سدباب مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ایف آئی اے سٹیٹ بنک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سے رابطہ ر کھے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کااجلاس سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 15:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔وزیر داخلہ کی زیر صدارت ایف آئی اے کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہو اجس میں ایف آئی اے او رنیکٹا حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایف آئی اے نے مشکوک اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش کیں جبکہ دہشتگردوں کی مالی معاونت فراہم کرنے والوں پر بات چیت بھی کی گئی۔

اجلاس میں دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے دہشتگردوں کے مالی وسائل کا سدباب کیا جائے ، دہشتگردوں کے مالی وسائل کا سدباب مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے سٹیٹ بنک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سے رابطہ ر کھے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزارت داخلہ میں انسانی سمگلنگ کے معاملے پر اجلاس میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلر معصوم اور ضرورتمندلوگوں کا استحصال کر رہے ہیں۔انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصرملک کی بدنامی کا باعث ہیں،ایسے عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے ‘ پنجاب‘ بلوچستان‘ اسلام آباد کے ڈائریکٹرز ایف آئی اے اور نیکٹا کے حکام کے علاوہ وزارت کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے بریفنگ دی اور بتایا کہ دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں میں ایف آئی اے کرائمز ونگ بہت متحرک ہے اور اس ضمن میں بینکوں سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔

اس موقع پر ایف آئی اے میں زیر التواء کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کو تیز کرنے کی بھی وزیر داخلہ نے ہدایت کی اور کہا کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹرز اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور کرپشن کے کیسز کی تحقیقات ترجیحی بنیادوں پر کی جائے اور ان کیسز کی تحقیقات میں کسی قسم کی سستی اور نااہلی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :