حکومت نے دو سال میں ترقیاتی بجٹ 300ارب سے بڑھا کر 700 ارب روپے کر دیا،کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، حکومت نے وزیراعظم اور وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے، اسلام آباد میں جلد ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا، فائیو جی پر کام جاری ہے، جلد سروس کا آغاز ہوگا

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کا ٹیلی کام سروس کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے دو سال میں ترقیاتی بجٹ 300ارب سے بڑھا کر 700 ارب روپے کر دیا،کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، حکومت نے وزیراعظم اور وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے، اسلام آباد میں جلد ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا، فائیو جی پر کام جاری ہے، جلد سروس کا آغاز ہوگا۔

وہ پیر کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام دیہی علاقوں کو ٹیلی کام سروس کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں شانگلہ ،ژوب اور سبی کو ٹیلی کام سروس کی فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل پاکستانی معیشت کے بارے میں دنیا کی رائے مختلف تھی،موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو درست راستے پر گامزن کر دیا، پاکستانی معیشت میں بہتری کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں، حکومت آئی ٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو سال میں ترقیاتی بجٹ 300ارب سے بڑھا کر 700 ارب روپے کر دیا،کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، حکومت نے وزیراعظم اور وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ شانگلہ ،سبی اور ژوب کے آئی ٹی معاہدوں پر 10 ارب روپے خرچ ہوں گے،کراچی ،لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں بھی ٹیکنالوجی پارک قائم ہوں گے،اسلام آباد میں جلد ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا، فائیو جی سروس پر کام جاری ہے، جلد سروس کا آغاز ہوگا۔