15 ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبریں

پیر 14 ستمبر 2015 16:59

اسلام آباد ۔ 14 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) 15ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا ۔سیالکوٹ پر بھارت کے بزدلانہ حملے شہروں کے حوصلے پست نہ کرسکے۔پے در پے شکست سے بھارتی کابینہ کے ممبران میں مایوسی پھیل گئی اور شاستری کی مصیبتوں میں اضافہ، جبکہ بھارت کا اقتصادی بحران مزید سنگین ہوگیا۔

15 ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے مطابق رام گڑھ ، جسلمیر اور کھیم کرن قصور سیکٹر میں کئی اہم بھارتی چوکیاں پاکستان کے قبضہ میں آگئی ہیں اور پاکستان کے شیر دل فوجی جوانوں نے دشمن کی فوجی طاقت کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔سیالکوٹ کے علاقے میں پاکستان کے فوجیوں نے جرات اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹینکوں کی سب سے بڑی جنگ میں پاک فوج نے شاندار فتح حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس دن کی خبروں کے مطابق جموں کے بھارتی ہوائی اڈے پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے تباہ کن حملہ کیا اور دشمن کے چھ ٹرانسپورٹ اور دو لڑاکا طیارے تباہ کردیئے پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے دشمن کے مزید 30 ٹینکوں کو بھی تباہ کردیا ہے۔اس دن کی خبروں کے مطابق بھارتی کابینہ کے حلقوں میں پاکستان کے خلاف جارحانہ حملوں میں بھارتی فوج کی پسپائی اور شکست اور دنیا بھر میں بھارتی جارحیت کی مزمت سے بڑی مایوسی پائی جاتی ہے

شاستری حکومت کی پریشانیوں میں اس بات سے مزید اضافہ ہوگیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت میں عام استعمال کی ضروری اشیاء کا قحط ہوگیا ہے اور بھارت کو سنگین اقتصادی اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔

اس دن کی خبروں کے مطابق پاکستانی فوجوں کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کے بعد بھارت نے شہریوں آبادیوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے۔ وہ سیالکوٹ کے شہریوں کے حوصلہ پست نہ کرسکا اور شہر میں حملے کا خدشہ ختم ہونے کا سگنل ملتے ہی زندگی معمول پر آجاتی ہے اس دن کی خبروں کے مطابق پاک فوج کے ہاتھوں مسلسل شکستوں کے بعد بھارت نے امریکا کے آگے مدد کے لئے جھولی پھیلا دی ہے اور امریکا سے درخواست کی ہے کہ اسے فوری طور پر لڑاکا طیارے دیئے جائیں ۔

وائس آف امریکا نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران اب تک بھارت کے 140 لڑاکا طیارے تباہ ہو چکے ہیں اس دن کی خبروں کے مطابق کویت کے نوجوانوں کے ایک وفد نے پاکستانی سفیر سے ملاقات کی اور بھارتی حملے کے خلاف پاکستان کے جائز مقصد کی حمایت کا عہد کیا اور پاکستانی فوج کی جرات اور بہادری کی تعریف کی ،کویتی نوجوانوں نے کہا کہ کویت کے عوام بھارت سے جنگ کرنے کیلئے تیار ہیں اس دن کویت بھر کی مساجد میں بھارتی جارحیت کیلئے پاکستان کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔