بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر سامنے آگئی ، انڈین ہاکی نے پاکستان سے میچ کھیلنے کے لئے معافی جیسی بچکانہ شرط عائد کردی

چیمپینز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں حماد بٹ اور محمد توثیق نے قابل اعتراض اشارے کئے تھے، جب تک پاکستان اس پر معافی نہیں مانگتا تو ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلیں گے‘ سیکرتری انڈین ہاکی نریندر بٹرا بھارت کو پاکستان سے ہار کبھی برداشت نہیں ہوتی، بدتمیزی اور گالیاں دینا بھارت کا وطیرہ ہے پاکستان کا نہیں‘شہناز شیخ بھارت میں چوہا بھی مر جائے تو اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے، ہم نے تو بھارت کو کھیل کے میدان میں جواب دیا ہے‘ سابق کوچ قومی ٹیم

پیر 14 ستمبر 2015 17:32

بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر سامنے آگئی ، انڈین ہاکی نے پاکستان سے میچ ..

ممبئی / لاہور( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) ) بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر سامنے آگئی ، انڈین ہاکی نے پاکستان سے میچ کھیلنے کے لئے معافی جیسی بچکانہ شرط عائد کردی ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری انڈین ہاکی نریندر بٹرا کا کہنا ہے کہ چیمپینز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں حماد بٹ اور محمد توثیق نے قابل اعتراض اشارے کئے تھے، جب تک پاکستان اس پر معافی نہیں مانگتا تو ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلیں گے۔

نریندر بٹرا کا کہنا تھا کہ میچ جیتنے کے بعد جوش میں ایسا بھنگڑا پاکستان میں ہوتا ہو گا بھارت میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کو انڈین لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان سے ہار کبھی برداشت نہیں ہوتی، بھارت کو اصل دکھ اس بات کا ہے کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی وہ آج تک چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں نہیں پہنچ سکے ہیں، ہر بات میں شرائط لگانا بھارت کی عادت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدتمیزی اور گالیاں دینا بھارت کا وطیرہ ہے پاکستان کا نہیں، بھارت میں چوہا بھی مر جائے تو اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے، ہم نے تو بھارت کو کھیل کے میدان میں جواب دیا ہے۔شہناز شیخ نے کہا کہ سیکرٹری انڈین ہاکی نریندر بٹرا اچھے انسان معلوم ہوتے ہیں لیکن پتہ نہیں کہ وہ یہ سب کچھ کس کی ایما پر کر رہے ہیں، ہم تو بار ہا کہہ چکے ہیں کہ کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھناچاہیے ۔

بھارت میں جو کچھ ہوا اس پر ہمارے کھلاڑیوں پر 2میچ کی پابندی بھی لگی لیکن اس کے باوجود بھارت نہ کھیلنے کے حیلے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشہ برس دسمبر میں چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف کو 3کے مقابلے میں 4گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔ بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جس نے بھارت کے زخموں پر نمک کا کام کیا۔

متعلقہ عنوان :